لیبیا کی قومی فوج کے ترجمان میجرجنرل احمد المسماری نے بتایا ہے کہ الزاویہ شہر میں دو فضائی حملوں کے دوران قومی وفاق ملیشیا کا اسلحہ ایک گودام تباہ کردیا گیا۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق لیبی فوج کے شعبہ اطلاعات کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ قومی وفاق حکومت کے وفادار محمد کشلاف المعروف القصب کے ابو غلاشہ کے مقام پرقائم اسلحہ کے گودام پر دو فضائی حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں اسلحہ ڈپو مکمل طور پرتباہ ہوگیا۔ الزاویہ میں حکومت نواز فورسز اور لیبی فوج کے درمیان ابو عیسیٰ کے مقام پر شدید جھڑپیں ہوئیں۔ الزاویہ شہر دارالحکومت طرابلس سے مغرب میں 48 کلو میٹر کی مسافت پر ہے۔المسماری نے کہا کہ قومی فوج نے طرابلس ہوائی اڈے کو ملانے والی شاہراہ پراپنا کنٹرول مضبوط کرلیا ہے اور ہم طرابلس کو آزاد کرانے کے لیے فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوگئے ہیں۔