عراقی مظاہرین کا احتجاج جاری ،ناصریہ آئیل فیلڈ تاحکم ثانی بندکردیا

Dec 29, 2019 | 14:37

ویب ڈیسک

عراق کے جنوبی شہر ناصریہ میں واقع ایک آئیل فیلڈ کے کنٹرول اسٹیشن میں احتجاجی مظاہرین نے بجلی بند کردی ہے جس کے بعد یہ آئیل فیلڈ تاحکم ثانی بند ہوگیا ہے۔ناصریہ آئیل فیلڈ سے نوے ہزار بیرل یومیہ تیل پیدا ہوتا ہے۔احتجاجی مظاہرین نے تیل کے اس کنویں کو بند کرتے ہوئے سخت نعرے بازی کی ہے اور وہ یہ کہہ رہے تھے کہ اگر ہمارا کوئی دیس نہیں ہوگا تو پھر تیل بھی نہیں ہوگا۔میڈیارپورٹس کے مطابق عراق میں یکم اکتوبر سے جاری احتجاجی مظاہروں کے دوران میں یہی نعرہ بلند کیا جارہا ہے کہ ہمیں ایک وطن چاہیے۔ان احتجاجی مظاہروں کے دوران میں یہ پہلا موقع ہے کہ مظاہرین نے ایک پورے آئیل فیلڈ کو بند کردیا ہے۔ قبل ازیں وہ بندرگاہوں یا تیل صاف کرنے کے کارخانوں کو جانے والے راستوں کو ضرور بند کرتے رہے ہیں لیکن انھوں نے کبھی وہاں داخل ہوکر ان کی معمول کی سرگرمیاں معطل نہیں کی ہیں۔واضح رہے کہ عراق کی معیشت کا دارومدار تیل کی برآمدات پر ہے۔وہ تیل برآمد کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک کا تیل پیدا کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔

مزیدخبریں