لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ یونس خان کا کہنا ہے کہ فہیم اشرف ایک آل راؤنڈر کا کردار ادا کر رہے ہیں، امید ہے فہیم اشرف عمدہ کارکردگی کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ کے تیسرے روز کا کھیل ختم ہونے کے بعد یونس خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فہیم اشرف کے کھیل میں بہتری آرہی ہے، وہ اچھے باؤلنگ آلراؤنڈر بننے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ ٹاپ آرڈر سے رنز نہیں ہوئے لیکن انہوں نے کریز پر وقت ضرور گزارا۔ یونس خان کا کہنا تھا کہ فہیم اشرف کے لیے سٹیج تیار تھا، جب وہ کریز پر پہنچے تو پچاس اوورز ہو چکے تھے۔ ٹاپ آرڈر میں ایک اچھی پارٹنر شپ ہو جاتی تو ابھی صورتحال مختلف ہوتی۔ محمد رضوان کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے، محمد رضوان انگلینڈ میں بھی اچھا کھیلے، ان کی اننگز بالکل مختلف تھی، وہ ایک میچور اور سینیئر پلیئر کے روپ میں نظر آ رہے ہیں۔ محمد رضوان اسی طرح کھیلتے رہے تو پاکستان کو بہت فائدہ ہوگا، یونس خان کا مزید کہنا تھا کہ کپتان کی اپنی کارکردگی بہت اہمیت رکھتی ہے، پرفارمنس اچھی ہو تو فیلڈ میں فیصلے بھی اچھے ہوتے ہیں۔ کھیل کے دوسرے روز شان مسعود کا آؤٹ ہونا پاکستان ٹیم کے لیے بدقسمت رہا۔ کھیل کے تیسرے روز ناٹ آؤٹ سیٹ بیٹسمین کھیل رہے ہوتے تو بہت فائدہ ہوتا۔ پارٹنر شپ لگنے سے دوسری ٹیم پر دباؤ ہوتا ہے۔ اگر اننگز میں سو رنز کی دو سے تین پارٹنر شپ ہو جائیں تو بہت فائدہ ہوجاتا ہے، نیوزی لینڈ کی اننگز میں بھی اسی طرح ہوا، انہوں نے ایک لمبی اور دو چھوٹی چھوٹی پارٹنر شپ لگائیں اور چارسو رنز بنالیے۔