اسلام آباد ( عبداللہ شاد - خبر نگار خصوصی) بی جے پی کی سابق اتحادی اور صوبہ مہاراشٹر میں برسراقتدار جماعت شیو سینا نے مودی سرکار کو خبردار کیا ہے کہ اگر مودی نے اپنی روش تبدیل نہ کی تو روس ( سابقہ سوویت یونین) کی مانند بھارت بھی کئی ٹکڑوں میں تقسیم ہو جائے گا۔ شیو سینا کے ترجمان ہندی اخبار ’’ سامنا‘‘ کے اداریے میں لکھا گیا ہے کہ ’’مودی کی قیادت میں تمام بھارتی راستوں اور مرکز کے مابین تعلقات تلخ ہو رہے ہیں۔ جہاں بی جے پی اقتدار میں نہیں،ان صوبوں کو دانستہ فراموش کیا جا رہا ہے‘‘ شیو سینا نے مودی پر یہ تنقید بھی کی کہ معصوم کسان متنازعہ زرعی قوانین کے خلاف دھرنے پر بیٹھے ہیں لیکن مودی ان سے بات چیت کے بجائے ایودھیا میں رام مندر بنانے پر لگے ہوئے ہیں‘‘ شیو سینا کے ترجمان سنجے راوت نے کہا کہ بہت عرصے بعد اس سال ہندوستان کا مستقبل واضح خطرے کی زد میں آ گیا ہے۔ یاد رہے کہ ایک روز قبل پنجا ب کے معروف ایڈووکیٹ امرجیت سنگھ بھی کسانوں کے حق میں خودکشی کر چکے ہیں، مرتے وقت انھوں نے اپنے نوٹ میں لکھا کہ میں اس لئے اپنی جان دے رہا ہوں کہ حکومت صورتحال کی سنجیدگی کا احساس کر کے کسانوں کیساتھ مذاکرات کرے۔ دوسری جانب مودی سرکار لو جہاد قانون کو راجدھانی دہلی میں بھی لاگو کرنے کیلئے پر تول رہی ہے۔ انتہا پسند ہندو تنظیم وشو ہندو پریشد ( وی ایچ پی) نے اروند کجریوال کو خط لکھا ہے کہ وہ غیر قانونی طریقے سے تبدیلی مذہب کیخلاف اترپردیش حکومت کی طرز پر لو جہاد ایکٹ نافذ کرے۔ وی ایچ پی نے اعلان کیا ہے کہ دہلی میں ہندو تیزی سے مسلمان ہو رہے ہیں اور اس صورتحال پر روک لگانے کی ضرورت ہے۔ وی ایچ پی نے اعلان کیا کہ اگر دہلی میں لو جہاد ایکٹ نافذ نہ کیا گیا تو ’’تمام ضروری اقدامات‘‘ کئے جائینگے۔
روش نہ بدلی توبھارت روس کی مانند ٹکڑے ٹکڑے ہو جائیگا، شیو سینا
Dec 29, 2020