اسلام آباد + فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اﷲ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی گالی بریگیڈ کے ارکان اخلاقی قدروں سے گرے ہوئے ہیں۔ بدقسمتی ہے کہ احمد فراز کا بیٹا شبلی فراز اس گروپ میں شامل ہے۔ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے وقت نواز شریف سب سے پہلے ہسپتال پہنچے تھے۔ انسانیت اور انسانی قدریں ان سے دور ہو گئی ہیں۔ یہ سوچتے ہی نہیں یہ لوگ جمہوریت اور اخلاقی قدروں کے دشمن ہیں۔ پی پی ہماری مخالف جماعت اور پی ٹی آئی ہماری دشمن جماعت ہے۔ سارے مقدمات ان لوگوں نے بنائے ہیں نیب کے چیئرمین کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ نیب کو اپوزیشن کے خلاف استعمال کرتے ہیں یہ لوگ جھوٹ بولتے اور پروپیگنڈا کرتے ہیں۔ شبلی فراز جب وزارت سے اتریں گے تو آپ کے خلاف کیسز نکلیں گے۔ کٹھ پتلی حکومت کے پاس اکثریت نہیں۔ یہ جو کئی کئی ارب روپے کی ڈکیتیاں ہو رہی ہیں سب ملوث نکلیں گے۔ وزیراعظم کی سیٹ پر بیٹھ کر کوئی سیاسی مخالف کے خلاف منشیات کا کیس بنائے۔ فواد چودھری کو شبلی فراز کا رنگ چڑھا ہوا ہے۔ شبلی فراز کو کس کا رنگ چڑھا ہے وہ پتہ نہیں۔ اسٹیبلشمنٹ آج نیوٹرل ہو جائے تو اگلے منگل تک حکومت نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کون کس سے این آر او مانگ رہا ہے عوام کو جلد پتہ چل جائے گا۔ آٹے چینی چوروں سے عوام کو نجات ملنے والی ہے۔ پنڈی کا شیطان آلودہ سیاسی ماحول کی پیداوار ہے۔ وہ اپوزیشن کو گالی گلوچ کر کے ہی سیاست میں زندہ رہا‘ موجودہ دور اسکی گندی سیاست کا آخری دور ہے۔