بصیرپور، مانانوالہ، پھلروان‘ شرقپور شریف (نامہ نگاران) بصیرپورکے علامہ اقبال ٹائون روہیلہ روڈ سمیت گنجان آباد محلوں میں سوئی گیس کی لوڈشیڈنگ اور انتہائی کم پریشر پر صارفین نے شدید احتجاج کیا۔ صارفین نے بتایا کہ ہر ماہ بھاری بل ادا کرنے کے باوجود گیس کی عدم فراہمی کے باعث وہ کھانے کی تیاری کیلئے ایل پی جی اور لکڑیوں کا مہنگا ایندھن خریدنے پر مجبور ہیں۔ اس بارے رابطہ پر سوئی گیس کے تحصیل انچارج عدیل نے موقف اختیارکیا کہ سردی کی وجہ سے بندش اور کم پریشرکی صورتحال ہو سکتی ہے۔ انجمن تاجران سماجی شخصیات وصارفین نے مطالبہ کیا ہے کہ فوری نوٹس لے کرگیس کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔ مانانوالہ سے نامہ نگار کے مطابق سوئی گیس کی بندش، پریشر کی کمی اور سوئی گیس ملازمین کی مبینہ کرپشن کے خلاف عورتوں، بچوں سمیت سینکڑوں لوگوں کا لاہور فیصل آباد روڈ بلاک کر کے شدید احتجاج اور سوئی گیس ملازمین کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ مظاہرین نے عملہ کے خلاف شدید نعرے بازی کرنے کے ساتھ ساتھ سینہ کوبی بھی کی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ سردی کے آتے ہی کئی کئی دن گیس بند رہنا معمول بن گیا ہے۔‘ جس کی وجہ سے کھانا بنانے میں شدید مشکلات درپیش ہیں۔ بعدازاں پولیس نے مظاہرین سے مذاکرات کر کے احتجاج ختم کرایا اور روڈ کھول کر ٹریفک بحال کرائی۔ پھلروان سے نامہ نگار کے مطابق سوئی گیس کے پریشر کا مسئلہ حل نہ ہو سکا۔ دن بھر بارش اور سردی سے لوگ گھروں میں دبک گئے۔ کھانے پکانے کے علاوہ سردی سے بچنے کیلئے گیس ہیٹر بھی زیرو ہوگئے۔ سرگودھا سے نامہ نگار کے مطابق سرگودھا شہر میں مقام حیات، محمدی کالونی، اربن ایریا، سمیت متعدد علاقوں میں سوئی گیس کی 18 گھنٹے بندش صارفین کیلئے وبال جان بن کر رہ گئی ہے جس کے باعث کھانے پینے کی اشیاء کے حصول کیلئے شہریوں کا ہوٹلوں پر شدید رش معمول بن گیا۔ انجمن تاجران شاہین شاپنگ سنٹر بلاک 5 کچہری بازار کے صدر رانا سجاد حیدر نے کہا کہ شہر میں سوئی گیس کی بدترین بندش نے شہریوں کو مسائل سے دوچار کر رکھا ہے۔ تاجر راہنما کا کہنا ہے کہ اگر سوئی گیس کی بندش کا یہ سلسلہ ختم نہ کیا گیا تو شہری سڑکوں پر نکل کر حکومت کے خلاف احتجاج پر مجبور ہونگے۔ شرقپور شریف سے نامہ نگار کے مطابق شرقپور شریف میں گزشتہ کئی دنوں سے گیس کی مسلسل لوڈشیڈنگ نے گھریلو زندگی کو مفلوج کرکے رکھ دیا جبکہ دوسری طرف خواتین کو شدید مشکلات کا سامنا ہے شہر کے اندر ایل پی جی کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔