نیوائیر نائٹ کیلے شراب ڈانس پارٹیوں کی تیاری پوش علاقوں میں سائونڈپروف ہالزبن گے

لاہور (احسان شوکت سے) نیو ائیر نائٹ کے موقع پر شراب و ڈانس پارٹیوں کا رجحان اتنی تیزی سے زور پکڑ رہا ہے کہ پوش علاقوں میںکوٹھیوں میں ساؤنڈ پروف ہالز قائم کرنے کے علاوہ ان پارٹیوں کے انتظامات کے لئے آرگنائزر بھی میدان میں آ گئے ہیں۔ ان پارٹیوں کے انعقاد میں جہاں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے بااختیار اور مالدار افراد شامل ہیں تو وہاں ایلیٹ کلاس تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم امیر زادے بھی پیچھے نہیں اور مخلوط پارٹیوں کے انعقاد میں اپنے بڑوں کے ہم پلہ ہیں۔ صورتحال یہ ہے کہ نیو ائیر نائٹ کے موقع پر مادر پدر آزاد عیاش امراء کی جانب سے شہر کے مضافات میں فارم ہاؤسز کے علاوہ پوش علاقوں میں بڑی کوٹھیوں میں شراب و ڈانس کی پارٹیوں کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ بعض کوٹھیوں میں اس مقصد کے لئے ساؤنڈ پروف ہال قائم کئے جاچکے ہیں۔ بااختیار اور ہم خیال افراد کے گروپ بھی قائم ہیں۔گروپ میں شامل ا فراد مل کر پارٹی  انتظامات کر رہے ہیں۔ بڑے ہوٹلوں میں ڈانسنگ فلور تیار کرنے کے علاوہ ہوٹلوں کے ہالوں میں بھی پارٹیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ جس میں میزبان ہال کرائے پر لے کر ذاتی طور پر دوستوں کے لئے پارٹی منعقد کریں گے۔ ایلیٹ کلاس تعلیمی اداروں میں زیر تعلیم لڑکے، لڑکیوں کی جانب سے بھی پیسے ملا کر کسی ہوٹل میں ہال کرائے پر لے کر مخلوط ڈانس پارٹیوںکے علاوہ ہوٹلوں کے سویٹ رومز میں بھی منی پارٹیوں کی تیاریاں بھی جاری ہیں اور ان پارٹیوں میں شراب، آئس اور چرس کا بے دریغ استعمال ہوگا ہے۔ ہوٹل انتظامیہ کی جانب سے بھی منہ مانگی قیمت پر شراب فراہم کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے گی۔ اس کے علاوہ ان پارٹیوںکے آر گنائزر بھی پیسے لے کر شراب اور شباب سمیت سب اہتمام خود کررہے ہیں اور اس مذموم کاروبار سے وابستہ افراد ایک مافیا کا روپ دھار چکے ہیں۔

ای پیپر دی نیشن