انتشار کی سیاست ترقی روکنے کیلئے، عمران کی سربراہی میں ملک کو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے عوامی ترجیحات کو نظرانداز کر کے ذاتی پسند پر منصوبے شروع کئے۔ قومی وسائل کو من پسند علاقوں پر خرچ کر کے عوام کے ساتھ ظلم کیا گیا۔ سابق حکمرانوں کی غیر متوازن پالیسی کے باعث پسماندہ علاقے ترقی کی دوڑ میں پیچھے رہ گئے تھے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے یکساں ترقی کی پالیسی پر عمل کیا ہے اور پنجاب کے نظر انداز کئے گئے علاقوں میں پہلی بار ترقیاتی کام ہو رہے ہیں۔ عوام کی بنیادی ضرورتوں کو مد نظر رکھ کر منصوبے ترتیب دیئے گئے ہیں اور آج ترقی کا سفر ان دور دراز علاقوں تک پہنچ رہا ہے جہاں سوچا بھی نہیں جا سکتا۔ سابق ادوار میں چکوال کو بری طرح نظر انداز کیا گیا۔ تحریک انصاف کی حکومت کا ایجنڈا صرف عوام کی خدمت ہے اور عوام کی ترقی و خوشحالی کے روڈ میپ پر تیزی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے۔ کھوکھلے نعرے لگانے والے قصہ پارینہ بن چکے ہیں۔ ماضی کی لوٹ مار کا دور واپس نہیں آئے گا۔ سابق حکمران آج وہی کاٹ رہے ہیں جو انہوں نے بویا تھا۔ 22 کروڑ عوام ملک کی ترقی کا راستہ روکنے والوں کا کبھی ساتھ نہیں دیں گے۔ عمران خان کی قیادت میں ملک پائیدار ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے۔ ان حالات میں انتشار کی سیاست ترقی کے سفر کو روکنے کی کوشش ہے۔ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں پاکستان کو آگے بڑھنے سے کوئی نہیں روک سکتا۔ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ گزشتہ  7  روز سے آئسولیشن میں ہوں۔ طبیعت میں روز بروز بہتری آ رہی ہے۔ ضروری سرکاری امور گھر رہ کر نمٹا رہا ہوں۔ آج بھی فون پر پرنسپل سیکرٹری کو سرکاری امور کے حوالے سے اہم ہدایات دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاہور شہر میں صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کے حوالے سے بھی ہدایت کی ہے۔ صفائی کی صورتحال پر پوری نظر ہے۔ انشاء اﷲ اس ضمن میں جلد بہتری نظر آئے گی۔ 
 

ای پیپر دی نیشن