اسلام آباد(نیوزرپورٹر)چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی سینیٹر محترمہ کلثوم پروین کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کیلئے انکی پارلیمنٹ لاجز میں واقع رہائش گاہ پہنچے اور سینیٹر کلثوم پروین کے خاندان سے ا ظہار تعزیت کی اور غمزدہ خاندان کے ساتھ کچھ وقت گزارا۔ چیئر مین سینیٹ نے غمزدہ خاندان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں محترمہ کلثوم پروین کے انتقال پر بہت افسردہ ہوں اور آزمائش کی اس گھڑی میں ہم آپ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سینیٹر کلثوم پروین کے انتقال سے ایوان بالا ایک انتہائی فعال رکن اور پروگریسیو سوچ رکھنے والی مدبر سیاستدان سے محروم ہوگیا ہے اور محترمہ کلثوم پروین نے نہ صرف بلوچستان میں پسماندہ طبقات کی بھر پور نمائندگی کی بلکہ ملکی سیاست میں بھی اہم کردار ادا کیا۔