ملک بھر میں 9ملین ہیکٹر رقبہ پر گندم کاشت کی گئی ہے،ڈاکٹر امتیاز احمد 

Dec 29, 2020

اسلام آباد(نا مہ نگار)حالیہ ربیع سیزن کے دوران گندم کی کاشت کے طے شدہ  ہدف کے97.72فیصد رقبہ پر گندم کاشت کی گئی ہے۔ دوران سیزن 9ملین ہیکٹر رقبہ پر گندم کی فصل کاشت کرلی گئی ہے۔ گندم کی ملکی ضروریات پوری کرنے کیلئے حالیہ ربیع سیزن میں 9.210ملین ہیکٹر رقبہ پر گندم کاشت کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کے فوڈ سیکورٹی کمشنر ڈاکٹر امتیاز احمد گوپانگ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ رواں ربیع سیزن کیلئے گندم کی کاشت کا ہدف 9.210ملین ہیکٹر مقرر کیا گیا تھا اور ملک بھر میں 9ملین ہیکٹر رقبہ پر گندم کاشت کی گئی ہے ۔ اس طرح ہدف کے 97.72فیصد رقبہ پر فصل کی کاشت کرلی گئی ے۔ انہوں نے کہا کہ بہتر موسمی حالات ، بیج، کھاد اور زرعی قرضوں کی دستیابی سے گندم کی کاشت میں نمایاں مدد ملی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ گندم کی قیمت میں اضافہ اور وسیع سیزن کیلئے دیگر مراعات کے حکومتی فیصلوں سے بھی گندم کے زیر کاشت رقبہ میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے اس توقع کا بھی اظہار کیا کہ گندم کی کاشت کا ہدف حاصل کرلیا جائے گا جس سے گندم کی ملکی ضروریات پوری کرنے میں مدد ملے گی۔ صوبائی کراپ رپورٹنگ سروسز کے اعدادوشمار کے مطابق پنجاب میں گندم کے زیر کاشت رقبہ میں 2.60فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ میں گندم کی کاشت کا ہدف 6.560ملین ہیکٹر مقرر کیا گیا تھا تاہم صوبہ میں 6.684ملین ہیکٹر رقبہ پر فیصل کاشت کی جاچکی ہے جو گزشتہ سال کے مقابلہ میں 2.60فیصد زیادہ ہے ۔ رپورٹ کے مطابق سندھ میں کاشت کے ہدف کے 94فیصد رقبہ پر گندم کاشت کی گئی ہے۔ رواں سیزن کیلئے صوبہ میں کاشت کاہدف 1.200ملین ہیکٹر تھا اور 1.131ملین ہیکٹر رقبہ پر گندم کاشت کی گئی ہے جو گزشتہ سال کے مقابلہ میں 5فیصد زیادہ ہے۔ اسی طرح بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں بھی گندم کی کاشت میں ایک فیصد اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ گندم کی قومی پیداوار میں اضافہ سے خوراک کی ملکی ضروریات کی تکمیل میں مدد ملے گی۔

مزیدخبریں