جاپان کے محکم موسمیات نے نئے سال کی چھٹیوں کے دوران جاپان کے وسیع علاقوں میں شدید برفباری کی پیشگوئی کی ہے۔محکم موسمیات نے بتایا ہے کہ سرد ہوا کے طاقتور دبا کے نظام کے باعث بدھ سے ہفتے کے دوران ہوکائیدو سے کیوشو تک بحیر جاپان کے ساحل کے ساتھ کے تمام علاقوں میں شدید برفباری ہو گی۔بحرالکاہل کے ساتھ کے میدانی علاقوں میں بھی برفباری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔محکم موسمیات نے لوگوں کو چھتوں سے گرنے والی برف، بجلی منقطع ہونے اور درخت گرنے سے خبردار رہنے کا کہا ہے۔ اس نے مزید بتایا ہے کہ ایسے علاقوں میں بھی پائپوں میں پانی جم سکتا ہے جہاں عام طور پر ایسا نہیں ہوتا۔محکم موسمیات کے حکام عوام سے کہہ رہے ہیں کہ شدید برفباری کے لیے تیاریاں مکمل کر لی جائیں اور اس کے علاوہ عوام محکمے کی ویب سائٹ کے ذریعے تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں۔محکم موسمیات اور وزارت نقل و حمل نےایک مشترکہ ہنگامی بیان میں خبردار کیا ہے کہ گاڑیاں برف میں پھنس سکتی ہیں۔گاڑی چلانے والوں پر زور دیا جا رہا ہے کہ وہ صرف انتہائی ضرورت کے وقت ہی باہر نکلیں اور اس بات کی تصدیق کر لیں کہ ان کی گاڑیوں میں سردیوں کے استعمال کے ٹائر یا برف پر چلنے والی چینز لگی ہوئی ہیں۔اعلان میں مزید کہا گیا ہے کہ موسم کی صورتحال کے لحاظ سے بعض ہائی ویز یا قومی شاہراہوں پر ٹائر چین کا استعمال لازمی قرار دیا جا سکتا ہے۔