گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی) ڈسٹرکٹ اوورسیز پاکستانیز کمیٹی کا اجلاس چیئرمین عاطف افتخار چیمہ اور ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)حسین احمد رضا چوہدری کی صدارت میں ہوا جس میں بتایا گیا کمیٹی کواب تک ڈیش بور ڈ پر935کیسز موصول ہو ئے جس میں سے820 کیسز نمٹا دیئے گئے جبکہ 115درخواستوں پر محکمانہ کاروائی جاری ہے۔کمیٹی کی طرف سے اب تک سائلین کی ا ربوں روپے مالیت کی املاک پر ناجائز قبضے ختم کروائے جا چکے۔ چیئرمین عاطف افتخار چیمہ اور اے ڈی سی حسین احمد رضا نے کہا سمندر پار پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں ان کے حقوق کے تحفظ اور انہیں اس فورم سے بھرپور ریلیف فراہم کرنے کے لیے تمام تر اقدامات کیے جارہے ہیں۔ کیسز کو کمیٹی کی سطح پر حل کرنے سے قبل فریقین کو ثبوت پیش کرنے کاپورا موقع دیا جاتا ہے تا کہ اس بات کویقینی بنایا جائے کہ کسی فردکی حق تلفی نہ ہو اور حق اصل حقداران تک ان کا حق پہنچایا جا سکے۔ انہوں نے یہ بھی کہاکہ اوورسیز پاکستانیوں کے کیسز کی عدالتوں میں پیروی میں بھی معاونت کی جاتی ہے اور گائیڈ کیا جاتا تاکہ وہ متعلقہ فورم پر کیسز کو حل کراسکیں۔اجلاس میں مہر محمد بلال، ڈی ایس پی (ہیڈ کوارٹر) اکبر گادی، انسپکٹر آصف، عثمان عارف چیمہ فوکل پرسن برائے ضلعی اوور سیز پاکستانیز کمیٹی، کوارڈینیشن آفیسر رانا محمد عرفان رسول، ایکسیئن واپڈا چوہدری امتیاز سمیت متعلقہ محکموں کے افسروں، نمائندے اور کیسز کے فریقین شریک تھے۔