بھارتی ناظم الامور کی طلبی  پاکستان کا شدید احتجاج


پاکستان نے ہندوتوا کے حامیوں کی طرف سے بھارتی مسلمانوں کی نسل کشی مہم پر شدید احتجاج کرتے ہوئے بھارتی ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کیا اور انہیں باور کرایا کہ نئی دہلی کو پاکستانی تحفظات سے آگاہ کرے جو بھارت میں کی جانیوالی نفرت انگیز تقریر پرہندوتوا کے حامیوں کیخلاف کوئی کارروائی نہ کرنے سے متعلق ہیں۔ دوسری جانب جنوبی کشمیر میں 30گھنٹوں کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 6 ہو گئی۔ پیر کے روز ان ہلاکتوں کیخلاف مکمل ہڑتال رہی اور بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ 
بھارت میں بی جے پی‘ آر ایس ایس حکومت میں مسلمانوں کیخلاف زہریلا پراپیگنڈا معمول بن چکا ہے۔ وادی کے کئی علاقے اب بھی بھارتی فوج کے محاصرے میں ہیں جہاں لوگوں کو سخت سردی میں گھروں سے باہر نکال کر انکی شناختی پریڈ کرائی جاتی ہے جبکہ تشدد کا نشانہ بنانے کے علاوہ گرفتاریاں بھی کی جارہی ہیں۔ ادھر، بھارت میں ہردیوار اور اتراکھنڈ میں ہندوتوا کی تقریب میں مسلمانوں کیخلاف شرانگیز تقاریر کرکے مسلمانوں کیخلاف بھارتی ہندوئوں کو اکسانے کی کوشش کی گئی لیکن حکومت کی جانب سے کوئی کارروائی عمل میں نہیں لائی گئی۔ وادی کشمیر اور بھارت میں بی جے پی حکومت نے مسلمانوں کیخلاف باقاعدہ ایک مہم چلا رکھی ہے جس کے تحت انکی نسل کشی کی جارہی ہے‘ انکی جائیداد و املاک کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے اور انہیں جبری ہندو مذہب اختیار کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔ حیرت اس بات پر ہے کہ بھارت کی آرایس ایس اور بی جے پی کے کارکنوں کی جانب سے مسلمانوں کیخلاف ایسی جارحانہ کارروائیاں سرعام کی جارہی ہیں اور دنیا بھر میں ان کارروائیوں کیخلاف احتجاج بھی کیا جارہا ہے اسکے باوجود عالمی طاقتیں بالخصوص اقوام متحدہ اس پر چپ سادھے بیٹھی ہے۔ بھارت کی ایسی کی جارحانہ کارروائیوںپر پاکستان نے گزشتہ روز بھارتی ناظم الامور کو وزارت خارجہ بلا کر اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا۔ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی امداد ہر سطح اور ہر فورم پر جاری رکھے ہوئے ہے تاہم عالمی طاقتوں، بین الاقوامی تنظیموں اور اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی اداروںکو مقبوضہ کشمیر اور بھارت میں بھارتی مظالم پر آنکھیں بند کی ہوئی ہیں جو انتہائی افسوسناک امر ہے۔ جب تک عالمی برادری بھارت کیخلاف کوئی ٹھوس اور مؤثر کارروائی نہیں کرتی‘ بھارت اپنی ہٹ دھرمیوں سے باز نہیں آنیوالا۔ اس لئے عالمی سطح پر بھارت پر دبائو ڈالا جائے تاکہ بھارت کے جنونی ہاتھوں کو روکا جاسکے۔ 

ای پیپر دی نیشن