لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی کے ایوان نے چھ مسودات قوانین کثرت رائے سے منظور کر لئے جبکہ مسودہ قانون لاہور سٹی یونیورسٹی اور سمارٹ یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنا لوجی ایوان میں متعارف کرائے گئے جنہیں ہائر ایجوکیشن کمیٹی کے سپرد کر کے دو ماہ میں رپورٹ طلب کر لی گئی، جبکہ ایوان نے خلیفہ اول سیدنا ابوبکر صدیقؓ کے یوم وفات کو سرکاری سطح پر منانے سمیت دو قراردادیں بھی منظور کر لیں۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا ہے کہ تین سال بعد تو سوال کا جواب ویسے ہی اپنی افادیت کھو دیتا ہے۔ چیئر سے مطالبہ کرتا ہوں اس پر رولنگ دیں۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز بھی2 گھنٹے 27 منٹ کی تاخیر سے سپیکر چوہدری پرویز الٰہی کی صدارت میں شروع ہوا۔ اجلاس کے دوران لیگی رکن ارشد ملک اور صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب کھچی کے درمیان حادثات پر تکرار بھی ہوئی۔ ارشد ملک نے بسوں کے سفر کو موت کا پروانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر روز ساہیوال میں اتنی اموات ہو رہی ہیں کہ ٹرانسپورٹ موت بانٹ رہی ہے، کبھی اٹھائیس اور تو کبھی چھ لوگ حادثات کا شکار ہو جاتے ہیں۔ جس پر سپیکر نے کہا کہ اٹھائیس لوگ کیا صوبائی وزیر پر ڈالنے ہیں۔ وزیر ٹرانسپورٹ نے ایوان میں کہا کہ فٹنس کے بغیر کوئی گاڑی روٹ پر نہیں آتی، حادثات کی روک تھام کیلئے ٹریفک پولیس اور پولیس موثر کارروائیاں کرتی رہتی ہیں۔ اجلاس میں وزیر ٹرانسپورٹ جہانزیب کھچی کی جانب سے تسلی بخش جوابات نہ دئیے جانے پر وزیر قانون راجہ بشارت اور اپوزیشن ارکان ایک پیج پر نظر آئے۔ لیگی رکن عظمیٰ بخاری نے بھی وزیر قانون کی تائید کی اور متعلقہ حکام کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں پرائیویٹ ممبر ڈے کے موقع پر مفاد عامہ سے متعلقہ قرارداد کم پیمانہ اور ملاوٹ شدہ پٹرول کی فروخت کے خلاف قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی۔ خلیفہ اول سیدنا ابوبکر صدیقؓ کے یوم وفات کو سرکاری سطح پر منانے کی قرارداد معاویہ اعظم طارق نے ایوان میں پیش کی۔ اجلاس میں مسودہ قانون دی پنجاب ریگولرائزیشن آف سروس ترمیمی بل 2021، مسودہ قانون دی یو نیورسٹی آف دی سنٹرل پنجاب ترمیمی بل 2021، مسودہ قانون دی یونیورسٹی آف راولپنڈی بل 2021، مسودہ قانون دی یونیورسٹی آف آرٹس اینڈ سائنسز بل 2021، مسودہ قانون دی نور انٹرنیشنل یونیورسٹی لاہور ترمیمی بل 2021اور مسودہ قانون دی سالار یونیورسٹی بل 2021 ایوان میں پیش ہوئے جنہیںکثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔ ایجنڈے کی تکمیل پر اجلاس غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی ہو گیا۔