اسلام آباد (خبر نگار خصوصی) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے کہا ہے کہ تعلیم انسانوں میں مہذب طرز عمل کو جنم دیتی ہے جو کہ ایک صحت مند معاشرتی نظام کی بنیاد ہے۔ وہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی اسلام آباد میں عصری علوم کی فیکلٹی میں گریجویشن کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی نے کورس میں کامیاب ہونے والے شرکاء میں ڈگریاں، میڈل اور سرٹیفکیٹ بھی تقسیم کئے۔ جنرل ندیم رضا نے کہا کہ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی نے انتہائی سازگار ماحول میں معیاری تعلیم کی فراہمی کی اپنی روایت کو برقرار رکھا ہے۔ انہوں نے کرونا جیسے مشکل حالات میں بھی بغیر کسی توقف کے تعلیمی سرگرمیوں کو موثر طریقے سے جاری رکھنے پر یونیورسٹی کی ٹیم کی کوششوں کا بھی اعتراف کیا۔ آخر میں جنرل ندیم نے گریجویشن مکمل کرنے والے طلبائ، والدین اور نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران کو اہم سنگ میل حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔ قبل ازیں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی پہنچنے پر پریذیڈنٹ نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی لیفٹیننٹ جنرل نعمان محمود نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کا استقبال کیا۔
تعلیم انسانوں میں مہذب طرز عمل پیدا کرتی ہے : جنرل ندیم رضا
Dec 29, 2021