اسلام آباد (خبر نگار) شہباز شریف نے کہا کہ منی بجٹ سے ملکی حالات بہتر ہونے کے بجائے مزید بدترین ہوجائیں گے۔ منی بجٹ منظور ہوا تو نیا سال قوم کیلئے مہنگائی کا بدترین سال بن جائے گا۔ شہباز کا کہنا تھا کہ حکومت آئی ایم ایف کی شرائط پوری کرنے کیلئے پارلیمنٹ کو ربر سٹیمپ بنانا چاہتی ہے، منی بجٹ دراصل پارلیمنٹ کی خودمختاری پر بھی حملہ ہے۔ پارلیمنٹ عوام کے مفادات کیلئے کھڑی نہ ہوئی تو اسے عوامی نمائندہ ادارہ نہیں سمجھا جائے گا۔ منی بجٹ مسلط کرنے سے بہتر ہوگا حکومت ناکامی کا اعتراف کرکے قوم کی جان چھوڑ دے۔ حکومتی کارکردگی دیکھ کر عوام کی اکثریت موجودہ ٹیم سے مکمل بیزار اور مایوس ہوچکی ہے۔ رواں سال حکومت کا صرف پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 39 روپے سے زائد اضافہ ظلم ہے۔ قائد حزب اختلاف نے کہا کہ تین سال میں دوائوں کی قیمت میں مسلسل اضافہ ہوا ہے۔ حکومتی اعتراف سے عمران نیازی کے سستے پاکستان کی نفی ہوگئی ہے۔ قومی اسمبلی میں چینی کی پیداوار میں کمی کا حکومتی اعتراف اس کے پہلے دعووں کی نفی ہے۔ گیس کی بندش سے 2 فیصد ٹیکسٹائل ملز کی بندش کا حکومتی اعتراف ہمارے خدشات کی تصدیق ہے۔ تمام حقائق، اطلاعات اور دستاویزی شواہد اعتراف کررہے ہیں کہ معیشت کا بھٹہ بیٹھ ہوچکا ہے۔ علاوہ ازیں شہباز شریف سے صوبہ سندھ کے پارٹی عہدیداروں کے وفد نے ملاقات کی۔ سندھ کے تنظیمی امور سمیت دیگر اہم معاملات پر گفتگو ہوئی۔ ملاقات میں مرکزی سیکرٹری جنرل احسن اقبال‘ صوبائی صدر شاہ محمد شاہ‘ صوبائی سیکرٹری جنرل مفتاح اسماعیل‘ رانا مشہود احمد خان اور ملک احمد خان‘ قادر بخش بلوچ اور خالد شیخ بھی شریک تھے۔ شہباز شریف سے خانیوال سے نومنتخب رکن پنجاب اسمبلی رانا محمد سلیم اور دیگر نے بھی ملاقات کی۔ شہباز شریف نے نومنتخب رکن رانا سلیم اور دیگر پارٹی ارکان کو جنوبی پنجاب میں شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔