عراقی عدالتِ عظمٰی نے اکتوبرمیں انتخابی نتائج کی توثیق کردی،اپیلیں مسترد

بغداد(این این آئی)عراق کی عدالتِ عظمی نے ایران کے حمایت یافتہ شیعہ دھڑوں کی جانب سے پارلیمانی انتخابات کے نتائج کے خلاف دائراپیلوں کو مسترد کر دیا ہے اورانتخابی نتائج کی توثیق کردی ۔میڈیارپورٹس کے مطابق ایران کے حمایت یافتہ دھڑوں بہ شمول طاقتور مسلح گروہوں نے 10 اکتوبر کو منعقدہ پولنگ میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیوں کا الزام لگایا تھا۔دو ماہ سے زیادہ عرصے کی تاخیر کے بعد انتخابی نتائج کی توثیق سے عراقی قانون کے تحت اب دو ہفتوں کے اندر نئی پارلیمان کا افتتاحی اجلاس منعقد کرنے کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔عدالتِ عظمی کے میڈیا افسر نے ایک مختصر بیان میں اعلان کیا کہ پارلیمانی انتخابات کے نتائج کی توثیق کر دی گئی ہے اورعدالت نے ملیشیائوں پر مشتمل اتحاد پاپولرموبلائزیشن یونٹ (الحشد الشعبی)کی جانب سے پارلیمانی انتخابات کے نتائج کے خلاف دائرکردہ درخواست مسترد کردی ہے۔چیف جج جاسم محمد عبود نے فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ وفاقی عدالت نے شکایت مسترد کرنے کا حکم صادر کیا ہے اور مدعیوں کو تمام اخراجات برداشت کرنے کا کہاہے۔ اس حتمی فیصلہ کی تعمیل تمام حکام پرلازم ہے۔
عراقی عدالت

ای پیپر دی نیشن