کرئونا 3اموات دبئی میں جاری انڈر 19ایشیا کرکٹ کپ ملتوی گنگولی پازیٹو

اسلام آباد/ لاہور  (خبر نگار+سٹی رپورٹر+ سپورٹس ڈیسک) قومی ادارہ صحت نے پاکستان میں اومیکرون کے 75 کیسز کی تصدیق کردی ہے، اومیکرون کے اسلام آباد میں17، کراچی33، لاہور13 اور 12 کیسز بیرون ملک سے آنے والے افراد میں رپورٹ ہوئے۔ شہری کرونا کے خاتمے کیلئے ویکسی نیشن کرائیں۔ قومی ادارہ صحت نے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں بتایا ہے کہ پاکستان میں اومی کرون کے 75 کیسز کی تصدیق ہوچکی ہے۔ ان کیسز میں اسلام آباد 17، کراچی میں 33 اور لاہور میں 13 کیسز سامنے آئے ہیں۔ اسی طرح اومیکرون کے 12 کیسز بیرون ملک سے آنے والے افراد میں پائے گئے۔ قومی ادارہ صحت نے ہدایت کی ہے کہ متعلقہ ادارے اومی کرون کے پھیلاو کو روکنے کیلئے کنٹیکٹ ٹریسنگ کررہے ہیں جبکہ تمام شہری کرونا کے خاتمے کے لیے ویکسی نیشن مکمل کرائیں۔این سی او سی کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس کے مزید291کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 3 افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 229 مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 0 اعشاریہ 69 فیصد پر آ گئی۔ پاکستان بھر میں اب تک 28 ہزار 912 کرونا وائرس کے مریض انتقال کر چکے ہیں جبکہ اس موذی وائرس کے کل مریضوں کی تعداد 12 لاکھ 94 ہزار 31 ہو چکی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 291 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 4 لاکھ 44 ہزار 670، سندھ میں 4 لاکھ 80 ہزار 901، خیبر پی کے میں ایک لاکھ 81 ہزار 247، بلوچستان میں 33 ہزار 625، گلگت بلتستان میں 10 ہزار 429، اسلام آباد میں ایک لاکھ 8 ہزار 502 جبکہ آزاد کشمیر میں 34 ہزار 657 کیسز رپورٹ ہوئے۔ ملک بھر میں اب تک 2 کروڑ 32 لاکھ 34 ہزار 148 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے۔  کراچی اور اسلام آباد کے بعد لاہور میں بھی کرونا کے اومی کرون وائرس کے پہلے مریض کی تصدیق ہوگئی۔ محکمہ صحت پنجاب کے مطابق لاہور میں اومی کرون وائرس میں مبتلا پہلے مریض کا تعلق بہارکالونی گلبرگ سے ہے اور اس کی ٹریول ہسٹری میں سندھ کا سفر شامل ہے۔ محکمہ صحت کا بتانا ہے کہ یہ مریض گھر پر ہی زیرعلاج ہے، مریض کی فیملی اور اس سے رابطے میں رہنے والے 12 افرادکے ٹیسٹ سیمپل لے لیے گئے ہیں اور ٹیسٹ رپورٹیں آنے پر مزید حقائق سامنے آئیں گے۔ دبئی میں جاری انڈر 19 ایشیا کپ کرونا وائرس کا شکار ہوگیا ہے۔ ایشین کرکٹ کونسل کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش اور سری لنکا کی انڈر 19 ٹیموں کا میچ ختم کردیا گیا ہے۔ میچ کو 2آفیشلز کے کرونا ٹیسٹ مثبت آنے کی وجہ سے ختم کیا گیا ہے۔ بھارتی کرکٹ بورڈ کے صدر سارو گنگولی کرونا وائرس میں مبتلا ہوگئے۔ 49 سالہ گنگولی کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ پیر کی رات کیا گیا تھا جس کا نتیجہ منگل کی صبح آیا تاہم ٹیسٹ کا نتیجہ آنے سے قبل ہی سابق بھارتی کپتان کو کولکتہ کے ہسپتال منتقل کردیا گیا تھا۔ ایپل نے حالیہ دنوں میں نوول کرونا وائرس کیسز کی ایک نئی لہر شروع ہونے پر نیویارک شہر میں اپنے تمام سٹوروں کو ذاتی حیثیت میں خریداری کرنیوالے صارفین کیلئے بند کر دیا ہے۔ بلوم برگ کی ایک رپورٹ کے مطابق صارفین کو شہر بھر کے16 سٹوروں پر صرف آن لائن آرڈر وصول کرنے کی اجازت ہوگی یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ عارضی اقدام کب تک نافذ العمل رہے گا۔

کرونا 

ای پیپر دی نیشن