کراچی (قمر خان) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کامن ویلتھ گیمز کی کوئین بیٹن ریلے بین الاقوامی تعاون ، امن اور خوشحالی، افہام و تفہیم کا پیغام ہے اور یہ پاکستانیوں کے لئے ملکہ اور برطانیہ کے شہریوں کی طرف سے نیک خواہشات کا پیغام لائی ہے۔کوئین بیٹن ریلے کی بابائے قوم کے مزار آمد پر ہم بانی پاکستان کے فرمان اتحاد، تنظیم اور یقین محکم کے مطابق پوری دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان کھیلوں کی سرگرمیوں کیلئے پرامن ملک ہے اسپورٹس اور تعلیم مختلف ثقافتوں کے لوگوں کو آپس میں جوڑتے ہیں یہی وجہ ہے کے اقوام متحدہ نے اسپورٹس کو پائیدار ترقی کے لیے ایک معاون کے طور پر تسلیم کیا۔ ان خیالات کا اظہاار انہوں نے مزار قائد پر سندھ اولمپک ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام کا من ویلتھ گیمز کی کوئین بیٹن ریلے کی آمد کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کراچی میں برطانیہ کے قائمقام ڈپٹی ہائی کمیشن مارٹن ڈاؤسن کے علاوہ پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن اور کامن ویلتھ گیمز ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر)سید عارف حسن نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔ اس موقع پر کامن ویلتھ گیمز ایسوسی ایشن پاکستان کے صدر لیفٹنٹ جنرل (ر)سید عارف حسن نے کوئینز بیٹن وزیراعلی سندھ کے حوالے کی جس کے بعد وزیر اعلی سندھ نے بیٹن کمشنر کراچی محمداقبال میمن کے سپرد کی سابق قومی ہاکی کپتان اولمپئن ناصر علی، اولمپئین سمیر حسین، اولمپیئن ارشد ندیم، طلحہ طالب، انٹرنیشنل ریسلر انعام بٹ، خاتون کراٹے چیمپئن کلثوم ہزارہ،پیرا اولمپئین حیدر علی اوراسپیشل ایتھلیٹس نے بھی بیٹن تھامی۔ تقریب میں پی او اے کے سیکرٹری جنرل محمد خالد محمود،سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے چیئرمین ڈاکٹر جنید علی شاہ،سیکریٹری جنرل اور تقریب کے آرگنائیزنگ سیکریٹری احمد علی راجپوت‘ وزیراعلی سندھ کے معاون خصوصی برائے کھیل ارباب لطف اللہ‘ سندھ اولمپک ایسو سی ایشن کے عہدیدار امتیاز شیخ‘ اصغر بلوچ‘ غلام محمد خان‘ میڈم ثنا علی ‘ ماجدہ حمید‘ رفعت جہاں‘ پروین اختر بھی موجود تھیں۔مراد علی شاہ نے کہا کہ مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ سندھ حکومت نے انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی میں پاکستان ادا کیاپی ایس ایل کے انعقاد میں بھرپور تعاون کیا کھیلوں کی ترقی کیلئے حکومت سندھ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن کی بھرپور مدد اور تعاون کرے گی۔میں یقین رکھتا ہوں کہ کھیل، فنون اور جسمانی سرگرمیاں خیالات، تعصبات اور رویے کو تبدیل کرنے کے ساتھ ساتھ لوگوں کو متاثر کرنے، نسلی اور سیاسی رکاوٹوں کو دور کرنے ، امتیازی سلوک کا مقابلہ کرنے اور تنازعات کو ختم کرنے کی طاقت رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کھیل ہر قسم کی سیاست سے بالاتر ہیں اور اسی لیے نوجوانوں کو تعلیم دینے اور ان میں اعلی اخلاقی معیار پیدا کرنے کے لیے کھیلوں کو وسیع پیمانے پر فروغ دینا چاہیے ۔ ہم رواداری اور احترام کو فروغ دینے ، نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے میں کھیل کے کردار کو تسلیم کرتے ہیں ۔ وزیراعلی سندھ نے گیمز میں شرکت کرنے والے پاکستانی ایتھلیٹس کھلاڑیوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے اس بار کراچی کو ریلے کے لیے منتخب کرنے پر آرگنائزنگ کمیٹی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں صوبہ سندھ اور خاص طور پر کراچی کے شہریوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں کہ یہ بیٹن ہم سب کے درمیان ہے۔انہوں نے کہا کہ بیٹن کراچی میں سفر کرے گی اور کراچی ڈویژن کے زیادہ سے زیادہ شائقین سے ملتے ہوئے گزرے گی، جس کے لیے وہ توقع کرتے ہیں کہ کیو بی آرآفیشلز کے ساتھ ساتھ ہمارے کھلاڑی، کھیل سے محبت کرنے والے اور عام عوام بھی ایک نظم و ضبط والے معاشرے کے طور پر اپنے آپ کو منوائیں گے تاکہ ہمارے ملک کا سافٹ امیج کامن ویلتھ ممالک کے ساتھ ساتھ پوری دنیا پر آشکار ہو۔اس موقع پر پاکستان اولمپک ایسو سی ایشن کے صدر لیفٹیننٹ جنرل (ر)سید عارف حسن نے خطاب کرتے ہوئے صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوں کو فروغ دینے پر وزیراعلی سندھ کا شکریہ ادا کیا۔ لیفٹنٹ جنرل (ر)سید عارف حسن کاکہنا تھا کہ بیٹن کی آمد اہلیان کراچی کیلئے اعزاز کی بات ہے 1948میں پہلے نیشنل گیمز کا انعقاد بھی شہر قائد میں ہوا تھا اور قومی گیمز کی ٹرافی قائد اعظم نے اپنی جانب سے دی تھی اورآج بھی یہ ٹرافی نیشنل گیمز کی فاتح کو دی جاتی ہے بانی پاکستان کی ہدایت پرہی ملک میں اولمپک ایسوسی ایشن کاقیام عمل میں لایا گیا۔ قبل ازیں کوئنینز بیٹن کا سفر سندھ مدرستہ الاسلام یونیورسٹی سے شروع ہوابیٹن کی آمد پر شاندار استقبال کیا گیا یونیورسٹی کے وائس چانسلرپروفیسر ڈاکٹر مجیب الدین میمن نے خیرمقدم کیا سی جی اے پاکستان کے صدر لیفٹنٹ جنرل (ر)سید عارف حسن نے بیٹن ان کے حوالے کی،معروف کھلاڑیوں نے بیٹن تھامی اس موقع پراظہارِ خیال کرتے ہوئے وائس چانسلر مجیب الدین میمن کاکہنا تھا کہ کامن ویلتھ گیمز کوئینز بیٹن ریلے کے سفر کاآغاز آج قائد اعظم کی تعلیمی درسگاہ سندھ مدرستہ السلام یونیورسٹی سے ہورہا ہے جس کیلئے میں سی جی اے پاکستان کاشکریہ ادا کرتاہوں جنرل عارف حسن نے کہا کہ آج میں محسن پاکستان کی درسگاہ آمدپر بہت فخرمحسوس کررہا ہوں اس تقریب میں شریک طالب علموں کا جوش و خروش اور نظم و ضبط دیکھ کر میں یہ یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ ملک خداداد پاکستان کا مستقبل محفوظ ہاتھوں میں ہے اس شاندار تقریب کے انعقاد پر میں سندھ مدرستہ السلام کے وائس چانسلر پروفیسرڈاکٹر مجیب الدین صحرائی میمن صاحب اور ان کی پوری ٹیم کادل کی گہرائیوں سے شکریہ اداکرتا ہوں۔
کو ئین بیٹن ریلے امن ، خوشحالی ، افہام وتفہیم کا پیغام
Dec 29, 2021