لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ حکومت اپنے تابعداروں اور اپوزیشن اپنے فرمانبرداروں کی بناتی ہے۔ حکمران پارٹی فرد واحد اور دیگر دو بڑی سیاسی پارٹیوں پر خاندانوں کا تسلط ہے۔ بانیانِ پاکستان نے یہ ملک جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کے لیے نہیں بنایا۔ ہم پر مسلط اشرافیہ امریکا اور برطانیہ میں جا کر کہتا ہے کہ اس دفعہ ہمیں موقع دو، ہم آپ کے زیادہ فرمانبردار رہیں گے۔ تحریک انصاف دعوے کرتی ہے کہ اس نے ن لیگ کا گند صاف کیا۔ ن لیگ ملک کی تباہی کا ذمہ دار پی پی کو اور پی پی مشرف کو موردِ الزام ٹھہراتی ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ تینوں نام نہاد بڑی پارٹیوں اور ڈکٹیٹروں نے ملک کا ہر شعبہ برباد کیا۔ پی ٹی آئی کے دور میں احتساب نام کی کوئی چیز نہیں، حکومت اور نیب دونوں ناکام ہوگئے۔ صحت کے نظام پر ڈبلیو ایچ، ہمارے بچوں کا تعلیمی نصاب غیر ملکی این جی اوز تیارکر رہی ہیں۔ حکومت ڈاکٹر عافیہ کو اب تک واپس نہ لا سکی۔ ابھی نندن کو عزت سے رہائی دے دی۔ جنوبی پنجاب میں غربت ناچ رہی ہے۔ ٹیکسوں کی بھرمار نے لوگوں کی زندگی کو اجیرن بنا دیا۔ حکومت کا بس چلے تو سورج کی روشنی پر بھی ٹیکس لگا دے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ملتان میں استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر جماعت نے کہا کہ ملتان اولیا کا شہر ہے خانوں، وڈیروں، سرمایہ اور جاگیرداروں کا نہیں۔
سراج الحق