سیالکوٹ+ پسرور (نامہ نگاران) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے دورہ سیالکوٹ میں ضلع کچہری میں ساڑھے 8کروڑ روپے کی لاگت سے 8 ایڈیشنل سول و فیملی کورٹس کمپلیکس کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا۔ چیف جسٹس نے ایڈیشنل کورٹس کے سبزہ زار میں پودے لگائے۔ ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ طاہر فاروق اور ایکسیئن بلڈنگ سیالکوٹ ظہیرالدین بابر نے مجوزہ منصوبے کے حوالے سے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو بریفنگ دی۔ بعد ازاں چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ جسٹس محمد امیر بھٹی نے ڈسٹرکٹ بار کونسل سیالکوٹ کے علامہ اقبال بار ہال کا دورہ کیا اور بار کونسل کے ارکان سے ملاقات کی۔ ڈی پی او عمر سعید ملک نے چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کو سانحہ راجکو فیکٹری اور اب تک کی تحقیقات کے بارے میں پیش رفت پر بریفنگ دی۔ جسٹس محمد امیر بھٹی نے سانحہ سیالکوٹ میں ملوث ملزموں کا چالان جلد از جلد جمع کروانے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں چیف جسٹس امیر بھٹی نے پسرور ڈسکہ روڈ پر 15ایکڑ پر محیط مختص اراضی پر جوڈیشل کمپلیکس کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔ چیف جسٹس امیر بھٹی نے کہا کہ اللہ نے انہیں جو ذمہ داری دی ہے اسے نبھانے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پسرور میں جوڈیشل کمپلیکس آئندہ 100سال کی ضرورت کو پیش نظر رکھتے ہوئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ بار اور بینچ لوگوں کو فوری اور سستا انصاف فراہم کرنے کی کوشش کریں۔ دلی خوشی ہوئی کہ پسرور میں وکلا نے امسال ہڑتالیں کرنے کی بجائے ساری توجہ اپنے کام پر مرکوز رکھی۔ قبل ازیں صدر بار رانا محمد عرفان عطاری ایڈووکیٹ نے سپاس نامہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پسرور میں جوڈیشل کمپلیکس کا مطالبہ 50سال سے کیا جارہا تھا۔ مقام شکر ہے کہ آج یہ سنگ میل ہمارے دور میں مکمل ہورہا ہے۔
جسٹس امیر