لاہور( سٹی رپورٹر) کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام کیریئر کونسلنگ اور بیرون ملک روز گار کے مواقعوں پر سیمینار کا انعقاد گیا۔سیمینار کے مہمان خصوصی بانی چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی سابق گورنر پنجاب لیفٹیننٹ جنرل خالد مقبول تھے۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل، پرو وائس چانسلر پروفیسر اعجاز حسین، کیمکولین ڈاکٹر راحیل احمد صدیقی تھے جبکہ کیمکا یوکے کی صدر ڈاکٹر تابندہ دوگل اور عہدے داران ڈاکٹر طفیل، ڈاکٹر راحت، ڈاکٹر شفیق گل، ڈاکٹر ریحان سہیل خان اور دیگر موجود تھے۔اس موقع پر جنرل (ر)خالد مقبول نے کہا کہ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے شعبہ ٹیلی میڈیسن کو پنجاب بھر کے ہسپتالوں کے ساتھ لنک کرنا چاہیے اس شعبے کی خدمات قابل تعریف ہیں۔گھر بیٹھے لوگوں کو مفت طبی مشورے ملنا اس کی مثال کہیں نہیں ملتی ۔ کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کا روایات کو قائم رکھتے ہوئے ہمیشہ سے دکھی انسانیت کی خدمت میں نمایاں کردار رہا ہے ۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر خالد مسعود گوندل نے کہا ہے کہ امریکہ اور برطانیہ میں مقیم ایلومینائی کی خدمات مثالی ہیں،کیمکا اور کیمکانہ کا کوویڈ وبا کے دوران کنگ ایڈورڈ کی فیکلٹی کے ساتھ تعاون اور باہمی اشتراک رہا اور اجتماعی کوششوں اور حکومتی سربراہی سے کرونا وبا پر قابو پایا گیا۔آئندہ سال نیو کیمپس میں ہسپتال اور ایڈمن بلاک کی تعمیر کا آغاز ہوگا۔