سوشل سکیورٹی کے تحت ملتان روڈ میں نرسنگ کالج بنایا جائیگا: عنصر مجید 

Dec 29, 2021

لاہور(سٹی رپورٹر، اپنے نامہ نگار سے ) ایمپلائیز سوشل سیکیورٹی انسٹی ٹیوشن کی 154 ویں گورننگ باڈی کا اجلاس صوبائی وزیر لیبر عنصر مجید خان کی زیر صدارت سوشل سکیورٹی ہیڈآفس میں منعقد ہوا۔کمشنر سوشل سکیورٹی سید بلال حیدر نے مختلف ایجنڈا آٹئمز بارے بریفنگ دی۔ اجلاس میں پنجاب سوشل سکیورٹی نرسنگ کالج کے قیام کے لئے کنسلٹنٹ کی تقرری کی منظوری دی گئی۔ گورننگ باڈی نے سوشل سکیورٹی ہسپتال گوجرانوالہ میں نیفرالوجسٹ کی تعیناتی کی منظوری بھی دی۔صوبائی وزیر لیبر نے اجلاس کے بعد میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سوشل سکیورٹی کے تحت ملتان روڈ لاہور میں نرسنگ کالج قائم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتا یا کہ رحمت لعالمین انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی (RAIC) کو بین الاقوامی جوائنٹ کمیشن سے رجسٹرڈ کروانے کیلئے اقدامات کا آغازکر دیا گیا ہے۔ RAIC پاکستان کا پہلا سرکاری ہسپتال ہے جو جوائنٹ کمیشن سے منظور ہو گا۔ پاکستان میں کوئی بھی سرکاری ہسپتال ابھی تک جوائنٹ کمیشن سے تسلیم شدہ نہیں ہے۔ جوائنٹ کمیشن سے منظوری کے بعد بیرون ملک سے لوگ سوشل سکیورٹی ہسپتال میں علاج کروا سکیں گے۔پنجاب مزدور کارڈ کے حوالے سے بات کرتے ہوئے صوبائی وزیر لیبر نے کہا کہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی بار پنجاب مزدور کارڈکا اجراء کیا جا رہا ہے۔ مزدور کارڈ کیلئے 11 لاکھ مزدوروں کے بینک اکاؤنٹ کھولے جارہے ہیں۔

مزیدخبریں