لاہور( سٹی رپورٹر) پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹیٹیوٹ و امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفرنے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشدکی ہدایت پر کرونا وائرس کی نئی قسم اومیکرون کی تشخیص کیلئے جنرل ہسپتال کی سینٹرل ریسرچ لیب میں مطلوبہ سہولت فراہم کر دی گئی ہے اور اس ٹیسٹ کی رپورٹ اسی روز متعلقہ فرد کو فراہم کر دی جائیگی جبکہ ایل جی ایچ میں اب تک کوویڈ 19کے 1لاکھ 37ہزار600مریضوں کے بلا معاوضہ ٹیسٹ کئے جا چکے ہیں۔پروفیسرالفرید ظفرنے کہا ہے کہ اگر مریض نجی لیبارٹریوں سے مذکورہ ٹیسٹ کرواتے تو مجموعی طور پر 89کروڑ44لاکھ روپے کے اخراجات برداشت کرنا پڑتے جبکہ یہاں یہ سہولت حکومتی خرچے پر بلا معاوضہ فراہم کی گئی ہے۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر عامر غفور مفتی،ڈائریکٹر سینٹرل ریسرچ لیب ڈاکٹر غزالہ روبی، ڈاکٹر عبدالعزیز و دیگر بھی موجود تھے۔پروفیسرالفرید ظفرنے سینٹرل ریسرچ لیب کے سٹاف کی پیشہ وارانہ لگن اور محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ کورونا انتہائی متعددی وائرس ہے جو فوری طور پر دوسرے شخص کو منتقل ہو جاتا ہے لیکن لیب کے عملے نے اپنی جانوں کی پرواہ نہ کرتے ہوئے پوری دلجمعی کے ساتھ اپنے فرائض سر انجام دیے ہیں جو قابل ستائش اقدام ہے۔
جنرل ہسپتال میں اومیکرون کی تشخیصی سہولت فراہم، رپورٹ اسی روز ملے گی
Dec 29, 2021