لاہور(سپورٹس ڈیسک )ایشیز سیریز کے تیسرے ٹیسٹ میچ میں آسٹریلیا نے انگلینڈ کو اننگز اور 14 رنز سے شکست دے کر سیریز میں تین صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی ۔انگلینڈ نے پہلی اننگز میں 185 رنز بنائے تھے، جس کے جواب میں آسٹریلیا نے 267 رنز بنائے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں صرف 68 رنز پر آئوٹ ہو گئی اور یوں پہلی اننگز کے 82 رنز کا خسارہ بھی مکمل نہیں کر سکی۔دوسری اننگز میں انگلش ٹیم کے کپتان جو روٹ 28 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ 4 کھلاڑی صفر پر آئوٹ ہوئے۔آسٹریلیا کی جانب سے ٹیسٹ ڈیبیو کرنیوالے فاسٹ بائولر سکاٹ بولینڈ نے 4 اوورز میں 7 رنز دے کر 6 وکٹیں لیں جبکہ مچل سٹارک نے 3 کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا۔سکاٹ بولینڈ کو میچ میں مجموعی طور پر 8 وکٹ لینے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ میلبورن ٹیسٹ میچ ڈھائی دن اور 1084گیندوں پر مکمل ہوا، میلبورن میں ٹیسٹ میچ پچھلے70سال میں آسٹریلیا میں مختصر ترین ثابت ہوا۔میچ کے تیسرے دن آخری چھ وکٹیں ایک گھنٹے سے بھی کم وقت میں گر گئیں۔انگلینڈ کی دوسری اننگز میں بیٹنگ کسی کلب کرکٹ کے کھلاڑیوں سے بھی بدتر تھی۔ سیریز کا چوتھا میچ پانچ جنوری سے شروع ہوگا۔
ایشز:انگلینڈ68پر ڈھیر‘ آسٹریلیا نے تیسرا ٹیسٹ‘سیریز جیت لی
Dec 29, 2021