لاہور(کامرس ڈیسک) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) نے کارپوریٹ سیکٹر اور ٹیکس مشیران کی سہولت کے لئے لاہور ٹیکس بار میں سہولت ڈیسک قائم کر دیا ہے۔ ایس ای سی پی کے چیئرمین عامر خان نے ہیلپ ڈیسک کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کی معاشی ترقی اور فعال کارپوریٹ سیکٹر کے لئے معیشت کو دستاویزی صورت دینا انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ عامر خان نے کہا کہ مؤثر انفورسمنٹ اورکاروبار ی آسانیوں کی فراہمی ان کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ای سی پی کے تمام ریگولیشنز کا از سر نو جائزہ لیا جا رہا ہے اور کاروباری آسانی کی فراہمی کے لئے کئی پرانے اور غیر ضروری شرائط و ضوابط اور ریگولیٹری تقاضے ختم یا پھر سہل کر دئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان اصلاحات سے نہ صرف کاروباری آسانی فراہم کی جا رہی ہے بلکہ ریگولیٹری کمپلائنس کی لاگت میں بھی خاطر خواہ کمی ہوئی ہے۔ اہم اصلاحات میں نئی کمپنی کی رجسٹریشن کو سہل بنانا، رجسٹریشن کے ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ کا اجرائ، مختلف کارپوریٹ کمپلائنس کی ڈیجیٹل فائلنگز کی سہولت، کارپوریٹ بینک اکاؤنٹس کھولنے کے لیے بینک پورٹل کا اجراء اور دیگر سرکاری اداروں کے ساتھ ایس ای سی پی کی ای سروسز کا انضمام وغیرہ شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان اصلاحات کے نتیجہ میں نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن میں کارپوریٹائزیشن 51فیصد اضافہ تک اضافہ ہوا ہے۔ سدوزئی نے شرکاء کو بتایا کہ لاہور ٹیکس بار ایسوسی ایشن میں قائم کیا گیا ہیلپ ڈیسک کمپنیوں کو کمپنیز ایکٹ کی تعمیل اور ریگولیٹری کمپلائنس میں معاونت فراہم کرے گا۔ سہولت ڈیسک نئی کمپنیوں کی رجسٹریشن، ای سروسزکے ذریعے درخواستیں/ریٹرن جمع کروانا، کمپنی کے نام کی تبدیلی، میمورنڈم اور ایسوسی ایشن کے آرٹیکلز میں تبدیلی، اورکمپنی کی حیثیت میں تبدیلی وغیرہ کی سہولت بھی فراہم کرے گا۔