پاکستان مسلم لیگ کے صدرو سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین اور سابق وفاقی وزیر چودھری وجاہت حسین سے مسلم لیگ ن خیبرپختونخواہ کے صدر سابق وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے یہاں ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی اور چودھری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی۔ اس موقع پر رانا خالد بھی موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ الحمدللہ میری صحت روزبروز بہتر ہو رہی ہے، میں ان تمام دوست احباب اور پارٹی ورکرز کا دل سے شکرگزار ہوں جنہوں نے میرے لئے دعا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انجینئر امیر مقام نے کہا کہ چودھری شجاعت حسین پاکستان کے سینئر سیاستدان ہیں، انہوں نے ہمیشہ ملکی مفاد کی سیاست کی ہے یہی وجہ ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں اور ملک کی نامور شخصیات ان کا احترام کرتی ہیں۔