اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان نے اہم میچ میں روایتی حریف بھارت کو اعصاب شکن مقابلے کے بعد 2 وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل دوسری کامیابی حاصل کر لی۔ شاہینوں نے 238 رنز کا ہدف آخری گیند پر 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا، محمد شہزاد نے 82 رنز دلکش اننگز کھیل کر پاکستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا، آخر میں احمد خان نے 29 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، ذیشان ضمیر نے بھارت کے 5 اہم کھلاڑی میدان بدر کئے، اس فتح کے بعد پاکستانی ٹیم 4 پوائنٹس کے ساتھ گروپ اے میں پہلے نمبر پر آگئی ہے۔ہفتہ کو آئی سی سی اکیڈمی میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم کے کپتان قاسم اکرم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت ہوا۔ بھارت کا ٹاپ آرڈر ناکام رہا اور اس کی پہلی4 وکٹیں 41 کے مجموعی سکور پر گر گئیں۔ انگ کرش رگھوونشی صفر، شائق رشید 6، کپتان یش دھول صفر اور نشانت سندھو 8 رنز بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔ اس موقع پر ہرنور سنگھ اور راج باوا نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور 55 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 96 تک پہنچا دیا۔