نیویارک؍ ٹوکیو (اے پی پی+ این این آئی) امریکہ میں جاری برفانی طوفان نے تباہی مچا دی۔ شدید برفباری کے باعث مختلف حادثات میں 70 افراد ہلاک ہو گئے۔ خراب موسم کے باعث امریکا بھر میں ایک لاکھ 22 ہزار گھروں کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکہ میں برفانی طوفان کے باعث نظام زندگی معطل ہو گیا ہے۔ جبکہ جاپان کے مختلف حصوں میں بھاری برف باری کے باعث حادثات کے نتیجے میں اموات 17 ہو گئی ہیں۔ جاپان کے سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق دسمبر کے وسط سے اب تک ملک کے شمالی اور مغربی صوبوں میں بھاری برفباری کی وجہ سے روزمرہ کے معمولات زندگی مفلوج ہو گئے ہیں۔ جاپان محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے شمال مشرقی صوبوں کے متعدد علاقوں میں معمول سے 3 گنا زیادہ برف پڑ چکی ہے۔