مودی کی والدہ علیل، ہسپتال داخل بھائی کار حادثہ میں زخمی 

نئی دہلی (این این آئی) بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے بھائی پراہلاد مودی کار حادثے میں زخمی ہوگئے۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق منگل کو پراہلاد مودی کی گاڑی کو حادثہ ریاست کرناٹک کے شہر میسور کے قریب پیش آیا۔ رپورٹس میں بتایا گیا کہ پراہلاد مودی، اپنی بیوی، بیٹے، بہو اور پوتے کے ساتھ باندی پورہ جا رہے تھے کہ دوپہر دو بجے کے قریب گاڑی سڑک پر ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی، حادثے کے وقت ان کا قافلہ بھی ان کے ساتھ تھا۔ سوشل میڈیا پر جائے وقوعہ کی تصاویر میں دیکھا گیا کہ کار کے اگلے حصے کو شدید نقصان پہنچا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پراہلاد مودی کے پوتے کی ٹانگ میں فریکچر ہوا جبکہ دیگر کو معمولی زخم آئے جنہیں میسور کے مقامی ہسپتال میں داخل کیا گیا۔ ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا کہنا ہے کہ ایک بچے کو فریکچر ہوا ہے باقی سب معمولی زخمی ہوئے، سب خطرے سے باہر ہیں۔ بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کی والدہ طبیعت ناساز ہونے کے باعث ہسپتال میں داخل ہو گئیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مودی کی والدہ کی طبیعت سے متعلق ہسپتال انتظامیہ کا بتانا ہے کہ اب وہ پہلے سے بہتر ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مودی کی والدہ نے رواں سال جون میں اپنی99 ویں سالگرہ منائی تھی۔

ای پیپر دی نیشن