کراچی(این این آئی)کراچی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت نے گلستانِ جوہر میں فائرنگ سے شہری کی ہلاکت کے کیس میں گرفتار 3 پولیس اہلکاروں کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیاہے۔بدھ کو کراچی کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے منتظم جج کی عدالت میں تینوں گرفتار پولیس اہلکاروں کو پیش کیا گیا۔گرفتار پولیس اہلکاروں میں شہر یار، فیصل اور ناصر شامل ہیں۔پولیس کے مطابق گرفتار تینوں پولیس اہلکاروں کے خلاف گزشتہ رات فائرنگ کر کے نوجوان عامر حسین کو قتل کرنے کا مقدمہ تھانہ شارعِ فیصل میں درج ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ روز گلستانِ جوہر کراچی میں گھر کی دہلیز پر پولیس اہلکاروں نے فائرنگ کر کے نوجوان کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا۔عینی شاہد چوکیدار کے بیان کے مطابق عامر کو گولی گھر کے باہر ماری گئی۔گرفتار پولیس اہلکاروں کے بیانات میں تضادات پایا گیا، ایس ایس پی ایسٹ نے اعتراف کیا کہ ملزم اہل کاروں کا یہ موقف درست نہیں لگتا کہ ان پر فائر کیا گیا۔مقتول کے گھر والوں نے بتایاکہ موٹر سائیکل نہ روکنے پر اہل کار پیچھا کرتے آئے اور عامر کو گولی مار کر قتل کر دیا۔
کراچی، نوجوان کا قتل، گرفتار 3 اہلکاروں کا جسمانی ریمانڈ منظور
Dec 29, 2022