لاہور (کامرس رپورٹر) چین کے قونصل جنرل ژاؤ شیرین نے کہا ہے کہ پاکستان سی پیک کے تمام منصوبوں کا مالک ہے اور ہم ان کو تمام پہلوؤں میں سہولت فراہم کرنے کیلئے موجود ہیں۔ انہوں نے اس امر کا اظہار گزشتہ روز پاکستان چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کو پاکستان چائنا فرینڈ شپ ایوارڈ 2022ء دیتے ہوئے گیا ہے جسے پی سی جے سی سی آئی کے سیکرٹری صلاح الدین حنیف نے گزشتہ روز ایک تقریب میں وصول کیا۔ چینی قونصل جنرل ژاؤ شیریں نے پی سی جے سی سی آئی پاکستان چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے علاقائی رابطوں اور دو طرفہ تجارت سے متعلق کام کو سراہا اور اسے پاکستان میں کام کرنے والے بہترین چیمبرز میں ایک قرار دیا۔ انہوں نے پی سی جے سی سی سی آئی کے مختلف اقدامات کی بھی تعریف کی جن میں پاک چائنا نالج پورٹل چائنا وے میگزین چینی زبان کے کورسز اور پاک چائنا ٹیکنالوجی گیٹ وے شامل ہیں۔ ہم اتحاد اور ہم آہنگی سے کام کریں تو دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری، کاروبار بہت بہتر ہو سکتا ہے اس موقع پر سیکرٹری جنرل صلاح الدین حنیف نے پی سی جے سی سی آئی کو ایوارڈ سے نوازانے پر ژاؤ شیریں کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چائنا جوائنٹ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری ایک ماڈل چیمبر اور پاک چین باہمی سرمایہ کاری اور دوستی کو فروغ دینے کیلئے ایک متحرک پلیٹ فارم کے طور پر کام کرنے کیلئے پرعزم ہے۔