لاہور ( سپیشل رپورٹر) یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب کی فیکلٹی آف ہیومینٹیزاینڈ سوشل سائنسزکے زیراہتمام سیلاب کی تباہ کاریوں پر سیمینارہوا۔یوسی پی ویبی نار ہال میں ہونے والے سیمینار میں ڈین فیکلٹی ڈاکٹر خالد منظور بٹ ،ڈیپارٹمنٹ آف پولیٹیکل سائنس اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنزکے فیکلٹی ممبران، طلباوطالبات اوروالٹیرسوسائٹی کے ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔کنگزکالج لندن کے پروفیسراور ماہرارضیات وماحولیات پروفیسر ڈاکٹردانش مصطفی نے پاکستان کے پانی کے بحران اورحالیہ سیلاب پر اظہار خیال کیا۔انکا کہنا تھا کہ حالیہ سیلاب نے پاکستان کے بڑے حصے کو متاثر کیا ہے جس سے سندھ کے علاقوں میں شدید تباہی ہوئی ہے اورانسانی زندگی ، مویشی اورفصلیں شدید متاثر ہوئی ہیں۔انہوں نے پانی کے ساتھ کمیونٹی کی فطری وابستگی،پانی کی غیر منصفانہ تقسیم،پانی کے بہاؤ اوردیگر اہم عوامل پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔طلباوطالبات نے سوالات و جوابات کے سیشن میں مہمان خصوصی کے ساتھ زراعت،پانی، سیلابی صورتحال اوریگر اہم امور پرتبادلہ خیال کیا۔ ڈین فیکلٹی ڈاکٹرخالد منظور بٹ نے ڈاکٹر دانش کو خصوصی طور پر یوسی پی کے سیمینار میں شرکت پر شکریہ ادا کیااور والٹائرسوسائٹی ،ڈیپارٹمنٹ کے فیکلٹی ممبران اورطلباوطالبات کی کاوشوں کو بھی سراہا ۔تقریب کے اختتام پر ڈاکٹرخالد نے پروفیسر دانش کو یوسی پی کا خصوصی سووینیر پیش کیا۔اس موقع پر مہمان خصوصی کا اساتذہ اورطلباوطالبات کے ساتھ گروپ فوٹو بھی ہوا۔
یوسی پی فیکلٹی آف ہیومینٹیزاینڈ سوشل سائنسزکے زیراہتمام سیلاب پرسیمینار
Dec 29, 2022