سعودی عرب کے 4ملکی ٹورنامنٹ میں اچھا پرفارم کرینگے : ماریہ جمال خان 


لاہور(سپورٹس رپورٹر)قومی ویمنز ٹیم کی کپتان ماریہ جمال خان سعودی عرب میں ہونیوالے 4ملکی ٹورنامنٹ میں عمدہ کارکردگی دکھانے کیلئے پر عزم ہیں،لاہور میں جاری تربیتی کیمپ کے دوران کہا کہ انٹرنیشنل سطح پر ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے پلیئرز کو  صلاحیتیں نکھارنے کا موقع ملتا اور ان کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے،8سالہ تعطل کے بعد سیف گیمز کی صورت میں پہلی انٹرنیشنل مصروفیت میسر آئی، قومی ٹیم کی کارکردگی میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی،مالدیپ کیخلاف پلیئرز نے یادگار کھیل پیش کیا، تسلسل کیساتھ مواقع ملتے رہے تو پرفارمنس میں مزید نکھار آتا جائیگا۔ سینئرز اور جونیئر پر مشتمل قومی ٹیم متوازن اور 4ملکی ٹورنامنٹ میں بہتر نتائج دینے کی اہلیت رکھتی ہے،کیمپ میں شریک تمام فٹبالرز باصلاحیت اور مثبت نتائج کیلئے پر عزم ہیں، فٹنس میں بہتری لانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، نادیہ خان کی شمولیت سے اٹیک مضبوط ہوگا۔  4ملکی ٹورنامنٹ 11سے 19جنوری تک سعودی عرب کے شہر دمام میں شیڈول ہے۔

ای پیپر دی نیشن