سائن بورڈ ٹیکس، ٹریڈ لائسنس فیس میں کمی کی جائے،احسن ظفر بختاوری

Dec 29, 2022

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر احسن ظفر بختاوری نے کہا کہ سائن بورڈ ٹیکس اور ٹریڈ لائسنس فیس زیادہ ہونے کی وجہ سے تاجر برادری کو مسائل کا سامنا ہے لہذا میٹرو پولیٹن کارپوریشن اسلام آباد (ایم سی آئی) ان کی سہولت کیلئے ان ٹیکسوں میں کمی کرے۔ انہوں نے کہا کہ  ایم سی آئی سائن بورڈ ٹیکس کو کم کر کے 60 روپے فی مربع گز کرے اور ٹریڈ لائسنس فیس کو کم کر کے 1000 روپے سالانہ مقرر کیا جائے جس سے تاجر برادری کے مسائل کم ہوں گے اور انہیں کاروباری سرگرمیوں کو بہتر فروغ دینے میں سہولت ملے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم سی آئی کے ڈائریکٹر  ڈی ایم اے شکیل ارشدسے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور ایم سی آئی سے متعلقہ تاجر برادری کے مسائل کو حل کرنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔   چیمبر کے نائب صدر انجینئر محمد اظہر الاسلام ظفر نے اس موقع پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری اور معاشی سرگرمیوں کو بہتر فروغ دینے کے لیے میٹروپولیٹن کارپوریشن اسلام آباد کا قریبی تعاون ضروری ہے۔

مزیدخبریں