اس وقت دنیا میں ہزاروں زبانیں لکھی اور بولی جارہی ہیں جبکہ پونے دو ارب کی تعداد میں مسلمان بستے ہیں لیکن مقامِ حیرت ہے کہ اب تک قرآن مجید کے تراجم تقریباً 110 زبانوں میں ہی ہوئے ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہر زبان میں قرآن مجید کے تراجم شائع کر کے دنیا کے ہر خطے میں پہنچائے جائیں۔ کنگ فہد ہولی قرآن کمپلیکس ( سعودی عرب) کے بعد سب سے زیادہ تراجم شائع کرنے کااعزاز دارالسلام کو حاصل ہے۔ پنجابی ایک بڑی زبان ہے۔پاکستان میں ساٹھ فیصد لوگ پنجابی زبان سمجھتے اور بولتے ہیں۔ علاوہ ازیں، پنجابی پوری اسلامی دنیا میں تیسری ، برصغیر کے مسلمانوں میں دوسری اور دنیا میں نویں بڑی زبان کا درجہ رکھتی ہے۔
دارالسلام نے اب پنجابی زبان میں بھی قرآن مجید کا ترجمہ شائع کرنے کااعزاز حاصل کیا ہے۔ اس سے قبل بھی پنجابی زبان میں قرآن مجید کے بہت سے تراجم شائع ہوچکے ہیں تاہم دارالسلام نے پنجابی میں قرآن مجید کے ترجمہ کی اشاعت میں تحقیق ،معیار اور عمدہ طباعت پر خصوصی توجہ دی ہے۔زیر نظر ترجمہ پروفیسر روشن خان کاکڑ نے کیا ہے جو کیمسٹری کے استاد رہے ہیں۔ وہ انگریزی اور اردو کے علاوہ پنجابی ادب میں بھی اچھی مہارت رکھتے ہیں۔ سونے پر سہاگہ یہ کہ وہ عربی سے بھی خوب واقف ہیں۔اس ترجمے پر نظر ثانی قاری طارق جاوید عارفی نے کی ہے جو دارالسلام کے سینئر ریسرچ سکالر ہیں جبکہ پروف ریڈنگ دارالسلام سنٹر کے سکالر مختار احمد ضیا نے کی ہے۔ ان تمام مراحل سے گزرنے کے بعد دارالسلام نے عمدہ کاغذ اور مضبوط جلدبندی کے ساتھ اسے شائع کیا۔ یہ قرآن مجید پنجابی دان طبقہ کے لیے ایک ہدیہ ہے۔ پنجابی بولنے اور سمجھنے والوں میں قرآن کا پنجابی ترجمہ یقینا فروغ پائے گا اور پنجابی سے لگاﺅ رکھنے والے اس سے مستفید ہوں گے۔قرآن مجید کے پنجابی ترجمہ کا ہدیہ 1750روپے ہے۔ یہ قرآن مجید دارالسلام لوئرمال نزد سیکرٹریٹ سٹاپ لاہور دستیاب ہے یا براہِ راست حاصل کرنے کے لیے فون نمبر042-37324034 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔ (تبصرہ: عاطف خالد بٹ)
قرآن مجید کا پنجابی ترجمہ
Dec 29, 2022