کراچی (اسٹاف رپورٹر)کراچی کے علاقے گلستان جوہرمیں نوجوان پرفائرنگ کرنے والے شاہین فورس کے 3اہلکاروں کا 5روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا گیا۔تینوں ملزمان شہریار،فیصل اور ناصر کوانسداد دہشت گردی کی عدالت کے روبرو پیش کیا گیا، عدالت نے تینوں ملزمان کو 5 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان نے افسران کے سامنے نوجوان عامر پر فائرنگ کرنے کا اعتراف کرلیا ہے۔تفتیشی حکام کے مطابق اعترافی بیان میں گرفتار اہلکاروں کا کہنا ہے کہ اہلکار شہریار نے نوجوان عامر پر یکے بعد دیگرے 2گولیاں چلائیں۔تفتیشی حکام نے بتایا ہے کہ ملزمان کے اعترافی بیان میں کہا گیا ہے کہ عامر سے اسلحہ نہ ملا تو پولیس اہلکاروں کی جانب سے سرکاری پستول دکھا کر برآمدگی کا دعویٰ کیا گیا۔بیان میں گرفتار اہلکاروں کا کہنا ہے کہ عامر نے ہاتھ سے اشارہ کیا تو ہمیں گمان ہوا کہ اس نے پستول نکالا ہے۔تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ تینوں اہلکاروں کو راشد منہاس روڈ پر موٹر سائیکل پیٹرولنگ کے لیے تعینات کیا گیا تھا۔انہوں نے بتایا ہے کہ فائرنگ کرنے والا اہلکار شہریار اور اہلکار ناصر 2018 میں، تیسرا اہلکار فیصل 2012 میں بھرتی ہوا۔تفتیشی حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ مقتول عامر کا پولیس کے پاس کوئی کریمنل ریکارڈ موجود نہیں ہے، واقعے سے متعلق مزید تفتیش جاری ہے۔