حیدرآباد(بیورو رپورٹ)پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر سینیٹر نثار کھوڑو، جنرل سیکریٹری سینیٹر وقار مہندی اور اطلاعات سیکریٹری پاکستان پیپلز پارٹی سندھ سینیٹر عاجز دھامراہ نے کہا ہے کہ کل شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 15 ویں برسی کے موقع پر انہیں خراج عقیدت پیش کرنے کے لیے ملک بھر سے لاکھوں کی تعداد میں عوام نے شرکت کی،ہم پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے نمائندوں کی حیثیت سے جلسے میں شرکت کرنے والے پورے پاکستان کے جیالوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج اپنے جاری ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید رانی بینظیر بھٹو کو آج بھی پاکستان کی عوام اپنا حقیقی لیڈر مانتے ہیں جبکہ کل گڑھی خدا بخش میں محترمہ بینظیر بھٹو کی برسی کے موقع پر پاکستان کی نئی سیاسی تاریخ لکھی گئی ہے۔ محترمہ کی برسی نا صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا کے مختلف ممالک میں بھی منائی گئی ہے۔ ہم تمام جمہوریت پسند کارکنوں ، عوام و ملک بھر سے آئے پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے کل کے جلسے میں شرکت کی اور انہیں جلسے کی کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں۔