عامر بلوچ کے قاتل شاہین فورس اہلکاروں کو سخت سزادی جائے ٗحافظ نعیم 

Dec 29, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) گلستان جوہر میں پولیس شاہین فورس کے اہلکاروں کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے عامر بلوچ ولد نثار احمدکی نماز جنازہ گلشن اقبال میں امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی امامت میں ادا کی گئی، جس میں کسی حکومتی نمائندے نے شرکت نہیں کی ۔حافظ نعیم الرحمن نیعامر بلوچ کے والد نثار احمد ودیگر اہلخانہ سے ملاقات کی اور اس افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ان سے تعزیت کی ۔ان کے ہمراہ پبلک ایڈ کمیٹی ضلع شرقی کے صدر محمد قطب بھی موجود تھے۔ بعد ازاںحافظ نعیم الرحمن نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ عامر بلوچ کے قاتل اہلکاروں کو قانون کے مطابق سزا دی جائے اوراہلخانہ کو انصاف فراہم کیا جائے اورزر تلافی دی جائے ۔شہر بھر میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائمز ومسلح ڈکیتیوںکی وارداتوں سے شہری پہلے ہی اذیت اورعدم تحفظ کا شکار ہیں، دوسری جانب شاہین پولیس فورس کے اہلکاروں نے فائرنگ کر کے بے گناہ عامر بلوچ کو سفاکانہ طریقے سے جاں بحق کردیا گیا ۔ پولیس چیف کہتے ہیں کہ شہری ڈکیتوں کے سامنے مزاحمت نہ کریں ،ہم ان سے پوچھنا چاہتے ہیں کہ ایک عام شہری پولیس کے سامنے کیا کرے جس سے اس کی جان بچ جائے۔ حافظ نعیم الرحمن نے شہریوں سے اپیل کی کہ اپنے جائز اور قانونی حقوق کے حصول کے لیے گھروں سے نکلیں اورجماعت اسلامی کا ساتھ دیں ۔دریں اثناء حافظ نعیم الرحمن نے گزشتہ دنوں گبول ٹاؤن میں منشیات فروشوں وجرائم پیشہ عناصر کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے سہراب گوٹھ مچھر کالونی کے رہائشی تین سگے بھائی نذر محمد ،سعید محمد اور خیال محمد کے گھر بھی گئے اور ان کے والد سے ملاقات وتعزیت کی ، ان کے ہمراہ ضلع شمالی کے امیر محمد یوسف اور حاجی طور خان بھی موجود تھے ۔حافظ نعیم الرحمن نے مطالبہ کیا کہ واقعے کی مکمل تحقیقات کی جائے اور قتل کی سنگین واردات میں ملوث مجرموں کو سخت سزادی جائے ۔

مزیدخبریں