ملتان (سپیشل رپورٹر) سربراہ گیلانی خاندان و چیئرمین تحریک امن پاکستان مخدوم سید غلام یزدانی گیلانی نے کہا کہ مسلمانان عالم اپنی صفوں میں اتفاق اتحاد پیدا کریں اور مملکت خداداد پاکستان جوکہ کلمہ طیبہ کے نام پر عالم وجود میں آیا اسے صحیح معنوں میں معاشی سیاسی مذہبی اور اخلاقی طور پر مضبوط کریں اور اسے عملی طور پر آنیوالی نسلوں پر ثابت کریں۔ ملتان میں سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قائد اعظم اور ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی دلیرانہ اور اصول پسند سیاست کو پروان چڑھا نے کا عہد کرتے ہوئے آج اس فورم سے ہم اپنے ذاتی مفادات اور سیاسی نظریات کو بالائے طاق رکھ کر استحکام پاکستان کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھنے کا بھی عہد کریں۔ انھوں نے کہا کہ آج کی تقریب میں ہمیں خوشی ہے کہ تمام مذاہب و مکاتب فکر کی شخصیات شریک ہیں سیمینار سے حاجی احسان الدین،نواب خالد خاکوانی،چوہدری طارق زمان،مخدومزادہ راجن بخش گیلانی،بشپ شہزاد تنویر،مہندر پال سنگھ،شعیب اکمل ہاشمی،اے ڈی انصاری،انجینئر ممتاز خان،علامہ کاشف حیدری،سردار ایوب بزدار،عامر محمود نقشبندی،حافظ معین خالد،اشرف قریشی،ضیاء انصاری،سلیم الرحمن میو،رانا حفیظ،پیٹرک سرفراز گل،وسیم ممتاز،یاسمین خاکوانی،پروفیسر ماجد وٹو،تاج محمد،حیدر گردیزی،تابش درانی،زین گیلانی،عامر شہزاد صدیقی،ڈاکٹر غلام نبی،اقبال بخاری،رانا اسلم نے بھی خطاب کیا جبکہ یوم پیدائش قائداعظم و حضرت عیسی کا کیک مخدوم غلام یزدانی گیلانی نے اپنی رہائش گا ہ پر دیگر مہمانوں کے ہمراہ کاٹا اور ملکی ترقی خوشحالی کے لیے دعا کرائی جبکہ شہداء تحریک پاکستان سمیت حضرت قائد اعظم کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی ۔