اسلام آباد(خبرنگار)کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر کے جنرل سیکرٹری شیخ عبدلمتین نے کہا ہے کہ بھارت نے جموں و کشمیر کو عملا فوجی چھائونی میں تبدیل کررکھاہے، نام نہاد جمہوریت اور سیکولرازم کے دعویدار بھارت کی فوج مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی بڑے پیمانے پر پامالیوں میں ملوث ہے اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جموں کے علاقے میں بھارت کے وردی پوش دہشت گردوں نے آج درندگی و بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3 نوجوان کو فائرنگ کرکے شہید کردیا، بھارت جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں کر رہا اور روزانہ کی بنیاد پر نہتے شہریوں کو قتل اور املاک و مکانات کو تباہ و برباد کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوجیوں نے ریاستی دہشتگردی کی جاری کارروائیوں کے دوران اس ماہ 10 کشمیریوں کو شہید کیاان کا کہنا تھا کہ کشمیری عوام بھارت کے غیر قانونی تسلط اور 5 اگست 2019 کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدم کو یکسر مسترد کرتے ہوئے حق پر مبنی تحریک کو جاری رکھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ قابض انتظامیہ نے کشمیری حریت قیادت کو گھروں اور جیلوں میں مسلسل نظربند کر رکھا ہے جبکہ بھارتی فورسز نے پبلک سیفٹی ایکٹ سمیت کالے قوانین کے تحت ہزاروں کشمیری جن میں بیشتر نوجوان ہیں کو قید کر رکھا ہے ۔شیخ عبدالمتین نے کہا کہ طاقت کے بل پر کسی بھی قوم کو زیادہ دیر تک محکموم نہیں رکھاجا سکتا ، یہی وجہ ہے کہ کشمیری عوام اپنے آزادی کے حق کیلئے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں انہوں نے عالمی برادری پر زور دیاکہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بڑے پیمانے پر جاری ظلم و تشدد اور بھارتی تسلط ختم کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے تاکہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیری عوام بھی اپنی تقدیر کا فیصلہ کرتے ہوئے آزادی سے ہمکنار ہوسکیں۔
بھارت نے جموں و کشمیر کو عملًا فوجی چھائونی میں تبدیل کررکھا،شیخ عبدلمتین
Dec 29, 2022