اسلام آباد(نا مہ نگار)پارلیمنٹ ہائوس میں بدھ کے روز ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی زاہد اکرم درانی کی دادی اور سابق وفاقی وزیر اکرم خان درانی کی والدہ ماجدہ کی ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کا اہتمام کیا گیا۔ فاتحہ خوانی میں اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے علاوہ اراکین پارلیمنٹ ، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے اعلی آفسران اور عملے کے ممبران نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کی دادی جن کا گزشتہ ہفتے انتقال ہوا تھا کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی اور سوگوار خاندان کو اس نا قابل تلافی نقصان کو برداشت کرنے کیلئے صبر جمیل عطا فرمانے کی دعا کی گئی۔
تقریب میں شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے درجات کی بلندی اور پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کیلئے بھی خصوصی دعا کی گئی۔