کراچی (کامرس رپورٹر)ایف پی سی سی آئی کے سابق صدر اور یونائیٹڈ بزنس گروپ کے صدر زبیر طفیل نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں مارک اپ کی شرح میں کمی کی اشد ضرورت ہے،گیس اوربجلی کے مسلسل بڑھتے ہوئے ٹیرف ، درآمدات اور برآمدات کے درمیان بڑھتے ہوئے فرق کی روک تھام کیلئے فوری اقدامات کیلئے یونائٹیڈ بزنس گروپ ایف پی سی سی آئی میں برسراقتدار آکر حکومت کو مثبت اور قابل عمل تجاویز فراہم کرے گا تاکہ کاروباری حلقوں کی مشکلات میں کمی آسکے۔صدر یو بی جی نے کہا کہ نگراں حکومت مہنگائی کو کم سے کم کرنے کے اقدامات کررہی ہے تاہم یہ حقیقت ہے کہ اس وقت صنعتی شعبہ شدید مسائل میں گھرا ہوا ہے لیکن ان کے مسئلوں کو حل کرانے کیلئے ایف پی سی سی آئی میں موجود عہدیدار ناکام رہے ہیں اور نہ ہی حکومت سے مسلسل روابط رکھے گئے جس کا خمیازہ پاکستانی کی کاروباری برادری کو اٹھانا پڑا ہے،ضرورت اس بات کی ہے کہ حکومت ملکی معیشت کو مضبوط تر بنانے کیلئے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کرے۔ زبیر طفیل نے ایف پی سی سی آئی الیکشن کے حوالے سے کہا کہ فیڈریشن چیمبر پرقابض گروپ بیساکھیوں کے سہارے چل رہا ہے،ایف پی سی سی آئی میں بزنس مین پینل نے لوٹ مار کا بازار گرم کررکھا ہے۔