شمالی چھائونی‘28روز قبل مالکن کے ہاتھوں آگ لگانے سے جھلسنے والی ملازمہ دم توڑ گئی

لاہور(نامہ نگار)شمالی چھاؤنی کے علاقے میں 28روز قبل مالکن کے ہاتھوں آگ لگانے سے جھلسنے والی گھریلو ملازمہ گزشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گئی ہے۔پولیس نے قانونی کارروائی کے بعد نعش ورثاء کے حوالے کردی ہے۔واقعہ کی ایف آئی آر کے مطابق گھریلو ملازمہ شبنم کو مالکن شازیہ نے گرم پانی مانگنے پر اس پر پٹرول چھڑک کر آگ لگادی تھی۔ملازمہ شبنم کو پٹرول چھڑک کر آگ لگانے کا واقعہ تیس نومبر کو پیش آیا تھا۔زخمی ملازمہ کو طبی امداد کے لئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا تھا،جہاں وہ گزشتہ روز زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی ہے۔یاد رہے کہ چند روز قبل ملازمہ شبنم کا وڈیو بیان بھی منظر عام پر آیا  تھا،جس میں اس کا کہنا تھا کہ اسے اور اس کے گھر والوں کو قانونی کارروائی کرنے پر ما لکان کی جانب سے دھمکیاں دی جارہی ہیں۔اگر ہمیں کچھ ہوا تو مالکن ذمہ دار ہے۔پولیس کے مطابق واقعہ کا مقدمہ مقتولہ کی بہن کے بیان پر درج کیا گیاہے جبکہ تفتیش جاری ہے۔

ای پیپر دی نیشن