گوجرانوالہ (نمائند گان خصوصی)وزارتِ توانائی (پاور ڈویژن) کی ہدایات کی روشنی میں گیپکو ہیڈ کوارٹر میں آن لائن کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ آن لائن کچہری کے دوران جنرل مینجر ٹیکنیکل مظہر نوید نے فیس بُک پر براہ راست صارفین کی بجلی سے متعلقہ شکایات سُنیں اور اُن کے حل کے لئے موقع پر متعلقہ افسران کو ہدایات بھی جاری کیں۔ صارفین سے بات چیت کرتے ہوئے مظہر نوید کہا کہ اپنے بجلی کے واجبات کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں۔انہوں نے کہا کہ وزارتِ توانائی کی ہدایت پر7 ستمبر سے گیپکو میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کا آغاز کیا گیا ہے جس کے حوصلہ افزا نتائج موصول ہو رہے ہیں اور اب تک ریجن بھر سے 4ہزار 2سو سے زائد بجلی چوروں کو پکڑا گیا ہے جنہیں 30 کروڑ 80 لاکھ سے زائد کے جرمانے کئے گئے ہیں۔ اس موقع پر مینجر سی آر سی اکرام اللہ نے صارفین کو گیپکو کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم، مینجر سییفٹی چوہدری اکبر علی نے پبلک سیفٹی جبکہ مینجر کسٹمر سروسز محمد جمیل نے نئے کنکشن کے حصول کے لئے آن لائن درخواست دینے کے طریقہ کار حوالے سے صارفین کو آگاہ کیا۔ کامونکی میں ڈائریکٹ تاریں لگاکر بجلی چوری کرنے والے تین افراد رنگے ہاتھوں پکڑے گئے۔ کوٹ محمد شاہ کے سلیمان، منڈیالہ پونائچ کے بشیر مسیح اور کوٹلی اروڈھ کے تنویر کیخلاف مقدمات درج کر لئے ہیں۔