لاہور(نامہ نگار)پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ بلاول بھٹو کے کاغذات پر اعتراض لگانے والا این اے 127کا ووٹر ہی نہیں ہے۔ ریٹرنگ آفیسر کے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی قاسم گیلانی،چودھری اسلم گل اور فیصل میر نے کہا کہ ووٹر نہ ہونے کی بناء پر ہی اس کو آر او ختم کر دیں گے۔ہمارے وکیل نے موقف اختیار کیا ہے کہ مخالف فریق کا اعتراض الیکشن رول کے مطابق بنتا نہیں۔ہم اپنی کسی سیاسی مخالفین کو ناک آؤٹ مرحلے پر نہیں روکنا چاہتے۔ پیپلز پارٹی کے رہنماؤں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے رول کے مطابق نارووال کا رہائشی کس طرح اعتراض کر سکتا ہے۔ اعتراض لگانے والے کو این اے 127 کا ووٹر ہونا چاہیے۔بلاول بھٹو زرداری کے لاہور سے الیکشن لڑنے سے پیپلز پارٹی میں جان آگئی ہے۔بلاول بھٹولاہور سے الیکشن جیتے گا۔