وزیر اطلاعات، ایرانی سفیر کی ملاقات: اقتصادی، ثقافتی، میڈیا شعبوں میں تعاون کا عزم

اسلام آباد (خبرنگارخصوصی) نگران وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات مرتضیٰ سولنگی نے پاکستان اور ایران کے درمیان اقتصادی تعلقات اور میڈیا کے شعبوں سمیت دوطرفہ ثقافتی تعاون کے فروغ کیلئے مل کر کام کرنے کے حکومتی عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان اور ایران کے مابین میڈیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ جیسے معاہدے ہماری ثقافت اور روایات کو حقیقی روشنی میں پیش کرنے میں مدد دیں گے۔ وہ ملاقات کے لئے آئے اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رضا امیری مقدم سے گفتگو کر رہے تھے۔ ملاقات میں میڈیا کے شعبوں میں تعاون، ثقافتی وفود کے تبادلوں، دوطرفہ باہمی تجارتی تعلقات، ایران ایکسپو 2024 سمیت مختلف اہم امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ ملاقات میں تجارتی و اقتصادی شعبوں بالخصوص ای سی او تنظیم کے دائرہ کار میں باہمی تعاون، مشرق سے مغرب تک راہداری، دونوں ممالک کی بندرگاہوں پر دوطرفہ تعاون اور تہران اسلام آباد تعلقات میں توسیع کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے دوطرفہ باہمی تعلقات کے فروغ کیلئے مواقع تلاش کرنے پر آمادگی کا اظہار کیا گیا۔ نگران وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ مرتضیٰ سولنگی نے دونوں ممالک کے درمیان میڈیا کے شعبوں میں تعاون کو وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ فلم اور ڈرامہ کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) اور ایران کی آڈیو ویڑول میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (ساترا) اور ڈائریکٹوریٹ آف الیکٹرانک میڈیا اینڈ پبلی کیشنز، پاکستان ٹیلی ویڑن کارپوریشن اور ایران کے آڈیو ویڑول اور سینما کے شعبہ میں تعاون کے فروغ کیلئے ایم او یوز پر کام جاری ہے۔ ملاقات میں پاکستان ٹیلی وڑن اور ایران براڈ کاسٹنگ کے درمیان مفاہمتی عمل کو تیز کرنے پر بھی اتفاق ہوا۔ ایران کے سفیر نے اسلام آباد میں اسلامک ری پبلک آف ایران براڈ کاسٹنگ کا بیورو آفس کھولنے سے متعلق نگران وفاقی وزیر اطلاعات کو آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامک ری پبلک آف ایران براڈکاسٹنگ کا بیورو آفس آئندہ سال جنوری کے تیسرے ہفتہ میں اپنا کام شروع کر دے گا۔نہوں نے کہا کہ ایران کے ثقافتی وفد کو پاکستان کے میڈیا ہائوسز، پریس کلبز اور دیگر ثقافتی اداروں کا دورہ کرایا جائے گا۔ ملاقات میں ایران ایکسپو 2024 کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ باہمی اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لئے ایران کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے پرعزم ہے۔

ای پیپر دی نیشن