کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے پی ٹی آئی کارکن خدیجہ شاہ کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ انسداد دہشت گردی عدالت میں خدیجہ شاہ کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، جس میں سید اقبال شاہ ایڈووکیٹ نے مقدمے کی پیروی کی۔ پولیس کی جانب سے خدیجہ شاہ کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پورا ہونے پر عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔ عدالت نے خدیجہ شاہ کو جرم ثابت نہ ہونے پر رہا اور فیملی سمیت لاہور روانہ کرنے کا حکم جاری کر دیا۔ کوئٹہ پولیس کے مطابق کیس میں خدیجہ شاہ کو ثبوت نہ ہونے کی وجہ سے رہا کر دیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق خدیجہ شاہ 9 مئی کے واقعات میں ملوث ہونے کے الزام میں پولیس ریمانڈ پر تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ خدیجہ شاہ کو 12 دسمبر کو راہداری ریمانڈ پر لاہور سے کوئٹہ منتقل کر دیا گیا تھا۔
پی ٹی آئی رکن خدیجہ شاہ ضمانت پر رہا، ثبوت نہیں ملا: پولیس
Dec 29, 2023