لاہور (نامہ نگار) وزیراعلی پنجاب محسن نقوی نے لاہور تعلیمی بورڈ کا اچانک دورہ کیا۔ لاہور تعلیمی بورڈ میں بریک سے قبل فیسلیٹیشن سنٹر کا بیشتر عملہ غائب تھا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے دفتری اوقات میں عملے کی عدم موجودگی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے فوری طور پر تمام عملے کو تبدیل کرنے کا حکم دیا اور طلباو طالبات کے لئے تمام سہولتوں کو 7 روز کے اندر آن لائن کرنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ تعلیمی بورڈ کی سہولتیں آن لائن ہونے سے طلباو طالبات کو بورڈ آفس کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے۔ وزیر اعلیٰ نے صوبائی وزیر تعلیم اور سیکرٹری تعلیم کو فوری طور پر بورڈ پہنچنے کی ہدایت کی اور کہا کہ طلبا و طالبات کے ایشوز کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔ محسن نقوی میو ہسپتال پہنچے جہاں انہوں نے فنشنگ کے کاموں اور تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا۔ محسن نقوی نے کہا کہ جنوری کے آغاز میں ایمرجنسی بلاک کو اپ گریڈیشن کے بعد کھول دیا جائے گا۔ وزیراعلی نے تعمیراتی کاموں میں اعلی معیار کی تعریف کی۔ محسن نقوی نے مریضوں اور تیمارداروں کی سہولت کیلئے مناسب سائن بورڈز لگانے کی ہدایت کی اور کہا کہ ایمرجنسی بلاک کا 100 فیصد کام جنوری کے آغاز میں مکمل کیا جائے۔ محسن نقوی نے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور محکمہ تعمیرات ومواصلات کی کارکردگی کو سراہا۔ سیکرٹری تعمیرات و مواصلات نے اپ گریڈیشن پراجیکٹ پر پیشرفت کے بارے میں بریفنگ دی۔ پرنسپل کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ڈاکٹر محمود ایاز بھی اس موقع پر موجود تھے۔ محسن نقوی نے الفلاح بلڈنگ میں سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے قائم بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لئے قائم برق رفتار ون ونڈو آپریشن کا جائزہ لیا اور بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر میں قائم صوبائی و وفاقی محکموں کے کائونٹرز کا معائنہ کیا اور عملے سے گفتگو کی۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے ون ونڈو آپریشن کے پورے نظام کا مشاہدہ کیا۔ وزیراعلی محسن نقوی نے ہدایت کی کہ سرمایہ کاروں کی سہولت کیلئے این او سیز کا مقررہ مدت میں اجراء یقینی بنایا جائے۔ محسن نقوی نے کہا کہ فیصل آباد، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، راولپنڈی اور ملتان میں بھی بزنس فیسیلیٹیشن سنٹرز فنکشنل کئے جارہے ہیں۔ دریں اثناء محسن نقوی نے آج ایمرجنسی سروسز اکیڈمی ٹھوکر نیاز بیگ کا دورہ کیا اور ریسکیورز پاسنگ آؤٹ پریڈ کی تقریب میں شرکت کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ایمرجنسی میں ریسکیورز کے رسپانس کا مشاہدہ کیا اور ریسکیورز نے بہترین تربیت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ریسکیو کی ڈرلز کیں۔ وزیر اعلی محسن نقوی نے سوئمنگ پول میں ریسکیورز کی سوئمنگ کی تربیت دیکھی اور گرنے والی عمارت سے لوگوں کو ریسکیو کرنے والے آلات اور مشینری کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی کو پاس آؤٹ ہونے والے چاروں صوبوں کے ریسکیورز نے سلامی پیش کی۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے ریسکیورز کی پریڈ کا معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ محسن نقوی نے تربیت کے دوران نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے چاروں صوبوں کے ریسکیورز کو شیلڈز اور انعامات دئیے۔ ڈائریکٹر جنرل ایمرجنسی سروسز اکیڈمی ڈاکٹر رضوان نصیر نے ریسکیورز سے حلف لیا۔ بعدازاں وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے ریسکیورز پاسنگ آؤٹ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر چوتھے مریض کو دل کی تکلیف کا مسئلہ ہے۔ ایک زندگی بچانا انسانیت بچانے کے مترادف ہے، ریسکیو 1122 کی 800 ایمبولینسز میں ہارٹ ایمرجنسی ریسپانس کے لئے30 کروڑ روپے کی لاگت سے آٹومیٹڈ ایکسٹرنل ڈیفبریلیٹر ایکیوپمنٹ فراہم کرنے کا اعلان کرتا ہوں۔ 30 کروڑ روپے کی لاگت سے اے ای ڈی ایکیوپمنٹ جلد از جلد فراہم کیا جائے گا۔