لاہور (خصوصی نامہ نگار + خبرنگار + کامرس رپورٹر) دریاﺅں پر قبضہ برداشت نہیں کرینگے، بھارتی ”واٹر بم“ کا مقابلہ کیلئے قوم کو متحد کرنا ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار مذہبی، سیاسی اور تاجر رہنماﺅں نے کیا۔ پاکستان واٹر موومنٹ کے کنوینئر حافظ سیف اللہ منصور، ڈاکٹر ابو وقاص اور حافظ خالد ولید نے کہا کہ بھارتی آبی دہشت گردی کو بزور بازو روکنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت سندھ طاس معاہدہ کی دھجیاں بکھیر رہا ہے۔ پیپلز پارٹی کے سابق وزیر خزانہ تنویر اشرف کائرہ اور سابق وزیر بلدیات اور سینئر رہنما سید ناظم حسین شاہ، چیئرمین متروکہ وقف املاک آصف ہاشمی نے کہا کہ بھارت نے پانی روکنے کی کوشش کی تو عالمی عدالت میں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کا مسئلہ بھی پانی کی وجہ سے ہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک قومی یکجہتی نہیں لائیں گے اور ملکی معیشت مضبوط نہیں کریں گے بھارت یونہی تنگ کرتا رہے گا۔ پیاف کے چیئرمین انجینئر سہیل لاشاری نے کہا کہ پاکستان کی موجودہ اور سابقہ حکومتوں نے بھارتی سازش کا مقابلہ تدارک کرنے کی بجائے معنی خیز خاموشی اختیار کئے رکھی اور کالا باغ ڈیم کے منصوبے کو سرد خانے میں ڈالے رکھا۔